اربوں روپے کے گھپلے ملک کوزوال کی جانب لے جارہے ہیں،میاں مقصود

اربوں روپے کے گھپلے ملک کوزوال کی جانب لے جارہے ہیں،میاں مقصود

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)نومنتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ کہ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’حکومت نے 1ہزار ارب روپے کی بے قاعدگیاں کیں،کئی معاملات کا ریکارڈ تک موجود نہیں‘‘پر اپنی شدید تشویش کا اظہاکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے جس کی معیشت بیرونی قرضوں اور امدادپرچل رہی ہے ایسے میں حکمرانوں کے کروڑوں اربوں روپے کے گھپلے ملک کو مسلسل زوال کی طرف لے جارہے ہیں عوام کے خون پسینے کی کمائی کودونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔آڈیٹر جنرل کے مطابق فیڈرل کنسالیڈیٹڈفنڈز سے 3.29 ارب روپے کی بے قاعدگی،ضمنی گرانٹس کاایک بڑاحصہ یعنی307ارب روپے غیر منظورشدہ جبکہ مالی سال 2013 اور2014کے دوران187ارب روپے کی رقم کے حسابات کی تصدیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کشکول اٹھاکر دنیا کاچکر لگارہے ہیں مگران کے دور حکومت میں ہونے والی کرپشن نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں۔یومیہ اربوں ڈالرکی کرپشن نے ملکی معیشت کوعملاًمفلوج کرکے رکھ دیا ہے جس کاثبوت آڈیٹرجنرل کی تازہ رپورٹ ہے۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ رپورٹ میں جن بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے مطابق عوامی اقدامات کے لئے قواعد وضوابط اور معقولیت کے اصولوں اور دیانت کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ اسی رپورٹ کے مطابق سرکاری وسائل کا غلط استعمال ، چوری خردبرد اور فراڈ کرکے40کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔متعددادارے ادائیگیوں کے حوالے سے تاحال جوابات نہیں دے سکے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں قانون اور احتساب نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ نیب ملک میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے دستیاب تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے کوئی کسراٹھانہ رکھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...