یونین کونسل 159میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے ، ملک عرفان ارشد محمود

یونین کونسل 159میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے ، ملک عرفان ارشد ...

  



 لاہور(لیاقت کھرل) عزیز بھٹی ٹاؤن کی یونین کونسل 159عثمان نگر سے چیئرمین کے امیدوار ملک محمد عرفان اور وائس چیئرمین چوہدری ارشد محمود نے کہا ہے کہ وہ الیکشن جیت کر علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹر یشن پلانٹس کی تنصیب، سیوریج کی پرانی اور بوسیدہ لائنوں کو تبدیل، گلیوں کی تعمیر و ترقی اور صفائی کی صورتحال میں بہتری ان کے بنیادی ایجنڈا اور لائحہ عمل میں شامل ہیں، ان کے پینل میں شامل تمام کونسلر انتہائی صاف کردار کے مالک اور علاقہ کی جانی و پہچانی شخصیات ہیں، انشاء اللہ یوسی 159 عثمان نگر غازی آباد سے الیکشن جیت کر علاقہ کی تقدیر بدل دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’پاکستان‘‘ سے اپنے پینل کے امیدوار برائے جنرل کونسلرز کے ہمراہ بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیدوار برائے چیئرمین یو سی 159ملک محمد عرفان نے کہا کہ غازی آباد میں مسلم لیگ (ن) کی اکثریت ہے اور میاں محمد نواز شریف ، میاں شہباز شریف، الحاج شیخ روحیل اصغر ایم این اے ملک محمد وحید ایم پی اے کی قیادت میں میدان میں اترے ہیں۔ یوسی 159 عثمان نگر غازی آباد سے الیکشن جیت کر علاقہ میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیں گے۔ غازی آباد بس سٹاپ پر عثمان نگر اور سولنگ روڈ پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانس لگائے جائیں گے اور سیوریج کی پرانی اور بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کر دیا جائے گا چوہدری ارشد محمود نے کہا کہ الیکشن جیت کر تھانہ کچہری کی بجائے علاقہ کے غریب لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا علاقہ کے لوگوں کی امیدوں پر ہر حال میں پورا اتریں گے، گلی محلوں کی تعمیر و ترقی، یتیم بچوں اور غریب بچیوں کی شادی کیلئے بیت المال سے فنڈز، نوجوانوں کے روزگار کیلئے کوشاں رہوں گا، بچیوں کے لئے دستکاری سکولز کھولے جائیں گے اور بجلی کی ننگی اور پرانی تاروں کو تبدیل کروانے کے ساتھ ساتھ بجلی کے نئے ٹرانسفارمرلگوائے جائیں گے، اس موقع پر وارڈ نمبر 1سے امیدوار برائے کونسلر عبدالعزیز خان، وارڈ نمبر2سے جنرل کونسلر کے امیدوار ملک افتخاراعوان نے کہا کہ وہ اپنے قائدین کی قیادت میں اپنے علاقہ کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔وارڈ نمبر3سے امیدوار برائے جنرل کونسلر محمد نعیم اللہ نے کہا کہ اس کے والد محترم محمد امین پہلے ہی اہل محلہ کی خدمت میں پیش پیش ہیں، وہ اپنے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی قیادت میں اہل محلہ کی خدمت میں کوئی کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ اس موقع پر وارڈ نمبر4سے امیدوار برائے جنرل کونسلر باؤ محمد جاوید، وارڈ نمبر5سے میاں ساجد حسین اور وارڈ نمبر6سے گلزار احمد بھٹی سمیت لیڈی کونسلر راحت رشید نے کہا کہ وہ الیکشن جیت کر پہلے سے زیادہ خدمت کریں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1