بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش ناکام بنائیں گے،میجر (ر) سعید

بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش ناکام بنائیں گے،میجر (ر) سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر اور لاہور میں بلدیاتی انتخابی مہم کے انچارج میجر(ر) محمد سعید راجپوت نے یو سی 180 ، یو سی 222 اور یو سی 177 میں انتخابی کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں سرکاری امیدواروں کی دھاندلی ناکام بنا دیں گے۔ عوام سے وعدہ ہے بلدیاتی اداروں کو کرپشن سے پاک اور عوامی خدمت کے مراکز میں تبدیل کرینگے ۔ لاہور میں حکمران جماعت کے ایم این ایز اور ایم پی ایز بیگوں میں نوٹ لیکر گھوم رہے ہیں اور ہر یو سی میں کروڑوں روپے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کرتے پھررہے ہیں۔ نوکریاں ریوڑیوں کی طرح بانٹی جارہی ہیں مگر یہ سیاسی رشوت نظریاتی کارکنوں کا ایمان متزلزل نہیں کر سکتی۔ڈاکٹر طاہر القادری کے جانثار صرف اور صرف انقلاب کے سپاہیوں کو ووٹ دینگے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس نے مسیحی برادری کے نمائندوں کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری کیے اور اپنے مسیحی بھائیوں سے ملکر زور و شور سے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمانویل مسیح یو سی 177 سے پاکستان عوامی تحریک کے وائس چیئرمین کے امیدوار ہیں۔ یو سی 180 سے چیئرمین کے امیدوار عبدالحمید خان ،وائس چیئرمین کے امیدوار قاری محمد شبیر، یو سی 222 کی انتخابی کارنر میٹنگ سے چیئرمین کے امیدوار میاں حامد جمیل اور وائس چیئرمین کے امیدوار ملک نعیم نے جلسہ سے خطاب کیا۔ عوامی تحریک اتوار 25 اکتوبر کو واہگہ اور شالامار ٹاؤن سے بڑی ریلیاں نکالے گی ۔