پنجاب کی مختلف جیلوں میں مزید 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

پنجاب کی مختلف جیلوں میں مزید 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

  



 لاہور/بہاولپور/ ٹوبہ ٹیک سنگھ (اے این این)پنجاب کی مختلف جیلوں میں4 امن دشمن اپنے انجام کو پہنچ گئے ٗ لاہور ٗ بہاولپور ٗ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں ایک ایک مجرم کو تختہ دار پر لٹکادیاگیا ٗ لاہور میں صلح کے بعد 2مجرموں کی پھانسی ٹل گئی ٗ پھانسیوں کے دوران جیلوں کے اندر اور باہر سکیورٹی سخت ٗ بہاولپور میں تختہ دار پر لٹکایا جانا والا مجرم18سال تک سزائے موت کا منتظر رہا ۔ جیل حکام کے مطابق بہاولپور میں مجرم فیاض کو پھانسی دی گئی جس نے 1997میں اپنے ہونے والے داماد کو نکاح سے کچھ دیر قبل قتل کر دیا تھا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لودھراں محمد عارف سیال کی عدالت نے مجرم فیاض کو 1997 سزائے موت کا حکم سنایا تھا جس پر اٹھارہ سال بعد عملدرآمد ہو گیا۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے مجرم قمرالزماں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا ، مجرم نے 2001 ء میں محمد اقبال کو قتل کیا تھا ، ڈیرہ غازی خان میں دوہرے قتل کا مجرم سیف 19سال بعد اپنے انجام کو پہنچ گیا۔مجرم سیف نے 1996 میں غیرت کے نام پر بیوی سمیت 2 افراد کو قتل کیا تھا ۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم منیر کو پھانسی دی گئی ہے۔جسے 2003 میں سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا جبکہ قتل کے 2مجرموں کی پھانسی پر عملدرآمد صلح کے بعد روک دیا گیا۔ دونوں مجرموں کو بدھ کے روز تختہ دار پر لٹکایا جانا تھا ۔واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد اب تک ملک بھر کی جیلوں میں قید 350سے زائد مجرموں کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔

مزید : علاقائی