شیو سینا نے ملالہ یوسفزئی کی بھارت آمد پر استقبال کا اعلان کردیا

شیو سینا نے ملالہ یوسفزئی کی بھارت آمد پر استقبال کا اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی(آئی این پی) انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کے لیے سرگرم نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کو بھارت میں خوش آمدید کہا جائے گا کیونکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہیں۔ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق شیو سینا کے رہنما سنجے رات کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے پر ملالہ یوسفزئی کی جدوجہد کو سراہتے ہیں اور اگر ملالہ بھارت آئیں تو شیو سینا کی جانب سے ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔سنجے رات کا مزید کہنا تھاکہ خورشید قصوری اور حافظ سعید جیسے لوگ بھارت کے خلاف تشدد اور دہشت گردی پھیلاتے ہیں جبکہ یہ چھوٹی سے لڑکی ملالہ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے اور اسی وجہ سے نوبیل انعام بھی حاصل کر چکی ہے۔شیو سینا رہنما نے کہا کہ اگر ملالہ کوبھارت میں خوش آمدید کہا جائے گا تو یہاں موجود پاکستان سے محبت کرنے والے تمام لوگوں کو یہ پیغام ملے گا کہ دہشت گردی کو فروغ دینے کے بجائے اس کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہئے۔واضح رہے کہ حال ہی میں ملالہ نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بھارت خصوصاً نئی دہلی اور ممبئی کا دورہ کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہاں کی نوجوان لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرسکیں۔ممبئی روایتی طور پر پاکستان اور مسلمان مخالف تنظیم شیو سینا کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور گذشتہ کئی روز سے تنظیم کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی کا ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ بھی شیو سینا کی ان دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ گذشتہ روز شیو سینا کی جانب سے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بولے جانے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مذاکرات منسوخ کردئے گئے۔

مزید :

صفحہ اول -