عمران خان کی سوئی اب بھی دھاندلی پر اٹکی ہوئی ہے ،ماروی میمن

عمران خان کی سوئی اب بھی دھاندلی پر اٹکی ہوئی ہے ،ماروی میمن

  



لاہور(اے این این)بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی سربراہ ماروی میمن نے کہاہے کہ عمران خان کی سوئی اب بھی دھاندلی پر اٹکی ہوئی ہے ٗ انہیں اب میچور ہوجانا چاہئے ٗایاز صادق کی انتخابی مہم کامیابی سے چلائی ، اب انہیں دوبارہ اسپیکر بنا کر دم لیں گے۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ماروی میمن نے گزشتہ روز فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کیا ۔ وہ اسپیشل افراد میں گھل مل گئیں، اور ان کے تیار کردہ دستکاری نمونے دیکھ کر زبردست حوصلہ افزائی بھی کی،ماضی کی معروف اداکارہ روحی بانو سے بھی ملاقات کرکے ماروی میمن بہت خوش ہوئیں۔ماروی میمن نے فاونٹین ہاوس میں زیر علاج افراد کی خیریت دریافت کی ، آرٹ گیلری میں اسپیشل آرٹسٹوں کے فن پاروں کی دل کھول کر تعریف کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان این اے 122 میں شکست کے باوجود اب بھی دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں پتہ نہیں کیوں ان کی سوئی دھاندلی پر اٹکی ہوئی ہے انہیں اب میچور ہوجانا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ایاز صادق کی انتخابی مہم کامیابی سے چلائی انہیں اب دوبارہ سپیکر بنا کر ہی دم لیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسپیشل افراد کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ ماروی میمن فاونٹین ہاوس میں زیر تعلیم اسپیشل بچوں سے ملیں تو وہ بھی خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ماروی میمن کا کہنا ہے کہ جو ادارے غربت کے خاتمے اور انسانیت کی خد مت میں کوشاں ہیں حکومت ان کی سرپرستی کرتی رہے گی۔

مزید : صفحہ اول