جعلی ووٹرلسٹیں مرتب نادہندگان گروپ کو انتخابات لڑنیکی اجازت
لاہور(اپنے نمائندے سے)شوکت خانم چوک میں واقع گھی کارپوریشن ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں بوگس ووٹر لسٹوں کے انکشاف کے بعد متعدد ممبران کی طرف سے ووٹر لسٹوں کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کردیا گیاہے۔ لسٹوں کو چینلج کرنے والے ممبران نے الزام لگایاہے کہ بھاری رقوم کے ڈیفالٹر گروپ کو خلاف ضابطہ الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ گھی کارپوریشن ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے نام سے شوکت خانم چوک میں واقع کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایڈمنسٹریٹر معظم خان اور الیکشن کنوینئر جلیل قریشی کی زیرنگرانی الیکشن منعقد ہو رہا ہے۔روزنامہ پاکستان کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق گھی کارپوریشن ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں الیکشن کی تیاری میں مصروف ایک گروپ کی جانب سے دی جانے والی معلومات اورر یکارڈ کی روشنی میں جو ووٹر لسٹ مرتب کی گئی وہ جعلی نکلی،جس پر اعتراض اٹھایا گیا۔ محکمہ کوآپریٹو کی جانب سے میٹنگ کے بعد دوسری لسٹ آویزاں کی گئی ،محکمہ نے اسے بھی فرضی اور بوگس قرار دے کر تیسری لسٹ آویزاں کر دی ہے تاہم الیکشن قوانین کے مطابق کسی بھی رقم میں ڈیفالٹر اور جعلسازی میں ملوث ممبر الیکشن لڑنے کے اہل نہ ہیں، سوسائٹی ہذ ا میں کی جانے والی جعلسازی تو عیاں ہو چکی ہے اور محکمہ کی جانب سے تیسری مرتبہ آویزاں کی جانے والی لسٹ میں ایک گروپ کے تمام ممبرز بھی ڈیفالٹر ہو چکے ہیں مگراس کے باوجود ڈپٹی ڈسٹرکٹ کوآپریٹو لاہور فرخ حیات پنوں کی جانب سے دی جانے والی "نرمی" اور 26اکتوبر 2015کو واجبات کی ادائیگی کے بعد دوبارہ ڈیفالٹر شدہ افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت نے محکمہ کی یکطرفہ حمایت کو عیاں کر دیا ہے تو دوسری جانب دیگر ممبرز بھی محکمہ کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے کے خلاف سراپا احتجاج بن چکے ہیں اور اس پریکٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کر رہے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری کوآپریٹو اور ڈی او سی لاہو رسیٹھ محمد اقبال کو اس عمل کا فوری نوٹس لینا ہو گا جس سے محکمہ پر عائد کئے جانے والے الزامات کی نفی ہو سکے اور میرٹ ،قانون و ضوابط کی بالا دستی عیاں ہو سکے ، دوسری جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ کوآپریٹو آفیسر فرخ حیات پنوں کاکہنا ہے کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں کوئی جعلی اور بوگس ووٹر لسٹ نہیں بنی ہے۔ قبل ازیں جتنے بھی اعتراضات کئے گئے وہ زبانی تھے تاہم بعد ازاں پندرہ سے زائد افراد ڈیفالٹر کی صورت میں سامنے آئے جس پر میں نے انہیں ڈیفالٹ رقم جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے ،قانون و ضوابط سے ہٹ کر کوئی اقدامات نہ کئے گئے ہیں جبکہ کوآپریٹو بائی لاز کے مطابق ووٹ اس ممبر کا کاسٹ کیا جاتا ہے جس کی ممبرشپ کنفرم ہو اور وہ ایک سال سے اس سوسائٹی میں موجود ہو۔