لاہور ائیرپورٹ پر اے ایس ایف، پنجاب پولیس کی چاندی، مسافروں سے رشوت طلب

لاہور ائیرپورٹ پر اے ایس ایف، پنجاب پولیس کی چاندی، مسافروں سے رشوت طلب

  



لاہور(ارشدمحمود گھمن ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہورپر سیکورٹی فورس پنجاب پولیس کی چاندی ہو گئی ۔ داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکورٹی کے نام پر بیرون ملک سے آنے اور جانے والے مسافروں کو دور دراز کے اضلاع سے ان کے لواحقین پک اینڈ ڈراپ کے لئے آتے ہیں تو وہاں پر موجود عملہ چیکنگ کے بہانے ان سے بھاری رشوت وصول کرتے ہیں۔ ائیرپورٹ کی داخلی اور خارجی راستو ں کے باہر پنجاب پولیس اور وارڈ ن نے بیریر لگاکر ڈیرے جما رکھے ہیں جب کہ ائیرپورٹ سیکورٹی فورس والے بیرون ملک جانے والے افراد کے ساتھ کسی کو بھی اند ر داخل نہیں ہونے دیتے جس کے باعث ہزاروں افراد کو روزانہ خوار کرکے منہ مانگے دام وصول کیے جاتے ہیں ۔روزنامہ پاکستان سروے رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹ مسافرین اور ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ علامہ اقبال انٹرنیشل ائیرپورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کے باہر پنجاب پولیس اور وارڈن کے اہلکاروں نے ڈیرے جما رکھے ہیں جوگاڑیوں کے کاغذات ڈرائیونگ لائسنس اور ائیرپورٹ سیکورٹی رسک کے بہانے چیکنگ کرنے اور دیگر الزامات لگاکرذلیل کرتے ہیں جو ان کو منہ مانگے دام دینے پر مجبور ہوجاتے ہیں نہ دینے والوں کو خوار کرکے واپس بھیج دیتے ہیں۔ سروے رپورٹ کے مطابق پولیس عملے کے ساتھ تعاون کرنے کے بعد آگے ائیرپورٹ کے باہر چیکنگ گیٹ پر پہنچتے ہیں تو اے ایس ایف کا عملہ ان کو روک لیتاہے اور پوچھ گچھ شروع کردی جاتی ہے اس کے بعد مسافروں کے ساتھ ان کے لواحقین کو ائیرپورٹ کی حدود کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جاتابلکہ ذلیل وخوار کیاجاتاہے جو پیسے دیتاہے اسے ائیرپورٹ کے اندر جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے ۔کئی بار مسافرین ائیرپورٹ نے ان کے ساتھ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر احتجاج بھی کیا مگر اعلیٰ حکام کی طرف سے کوئی ایکشن نہ لے سکا ۔شہریوں نے وزیراعظم پاکستان سے فوری انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور ائیرپورٹ کے کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...