آغا سراج درانی کی گورنر سندھ سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

آغا سراج درانی کی گورنر سندھ سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بدھ کی شام گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی قانون سازی اور اہمیت کے حامل مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی کا وشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپیکر نے اسمبلی کی روایات کے مطابق بلا امتیاز ہر رکن اسمبلی کو اپنے حلقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے آواز اٹھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی صوبے سے منتخب اراکین کا فورم اور قانون ساز ادارہ ہے جہاں پر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی کی جاتی ہے ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر قیوم سومرو، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اور چیئر مین سندھ ٹیکنیکل بورڈ فصیح الدین خان نے بھی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ ملاقات میں انہوں نے گورنر سندھ کو متعلقہ امور سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لارہی ہے ا س ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور بھی کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم اور تحقیق سے ہی ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکتا ہے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام وقت کی ضرورت ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول