چارسدہ میں دہشتگردی کا خطرناک منصوبہ ناکام ،امام مسجد کے کمرے سے بارودی مواد برآمد

چارسدہ میں دہشتگردی کا خطرناک منصوبہ ناکام ،امام مسجد کے کمرے سے بارودی مواد ...

  



چارسدہ (بیورورپورٹ) چارسدہ پولیس نے دہشت گردی کا خطرناک منصوبہ ناکام بنا دیا ۔ امام مسجد کے کمرے سے 25کلو گرام بارودی مواد ، 2دستی بم ،پندرہ ڈیٹونیٹر ، دس میٹر پرائما کار ڈاور چھ عدد ریمورٹ ڈیوائس برآمد۔دو اشتہاری ملزمان اور ڈکیت گروہ بھی اسلحہ سمیت گرفتار ۔ تحریب کاروں کے خلاف گھیر اتنگ کیا گیا ہے اور ان کے عزائم کوہر صورت ناکام بنایا جائیگا۔ڈی پی او شفیع اللہ خان ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے ڈسٹرکٹ پویس آفسیر شفیع اللہ خان نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر دہشت گرد عناصر ایک بڑی کاروائی کی تیاری کر رہے تھے اور اس حوالے سے پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ چارسدہ کے علاقہ پلہ ڈھیرے میں تحریب کاری کیلئے بھاری مقدار میں بارودی مواد پہنچا یا گیا ہے جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے پلہ ڈھیرے میں ایک مسجد میں پیش امام کے کمرے سے 25کلو بارودی مواد ، د ودستی بم ، چھ ریمورٹ ڈیوائس ، پندرہ ڈیٹونیٹر ، دو موبائل فون اور پندرہ ریمورٹ بلب برآمد کئے۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن پیر شہاب ، ڈی ایس پی رضا محمد خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی حسن خان بھی موجو دتھے ۔ ڈی پی او چارسدہ نے مزید کہاکہ د ہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے اور عنقریب دہشت گرد قانون کے کٹہرے میں ہونگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کے پول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور دہشت گرد عناصر اپنے عزائم میں مکمل طور پر ناکام ہونگے ۔انہو ں نے کہا کہ قتل اور اقدام قتل میں دو اشتہار ی ملزمان بخت منیر ، سید با دشاہ ، ولی جان اور عبداللہ کو بھی اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ڈکیت گروہ کے دو خطرناک ملزمان رمض علی اور محمد جاوید کو بھی دوران ڈکیتی اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چارسدہ کے مختلف علاقوں میں موبائل منشیات فروش سکند ر شاہ کو موٹر کار سمیت گرفتار کیا گیا جن کی گاڑی سے دو کلو چرس برآمد ہو ا ۔ملزم موٹر کار کے ذریعے مختلف علاقوں میں منشیات فروخت کر رہے تھے اور اس حوالے سے پولیس کو کافی شکایات مل رہی تھی ۔

مزید : پشاورصفحہ اول