ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی منایا گیا ‘ تقریبات ‘ سیمینار کا انعقاد
ملتان ‘ وہاڑی ‘ کوٹ ادو ‘ بہاولپور ‘ مٹھن کوٹ (خبر نگار 228 نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی منایا گیا۔ تقریبات ‘ سیمینار اور (بقیہ نمبر49صفحہ12پر )
واک کا انعقاد۔ ملتان سے خبر نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹرسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان زاہد سلیم گوندل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ضلعی حکومت کے تمام محکمے اور سول سوسائٹی مل کر اس موذی مرض کے خاتمے میں مصروف ہیں۔موثر سرویلنس اور سپرے کرنے سے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہورہی ہے ۔ڈی سی او نے کہا کہ زکریا یونیورسٹی کے انٹامالوجسٹ ڈینگی ٹیموں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور ڈینگی لاروے کی افزائش روکنے کے لئے ریسرچ بھی شروع کر ائی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں ڈینگی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ضلعی محکموں کے نمائندوں اورصحافیوں کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے کہا کہ رواں ماہ پنجاب کے 2شہروں راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی کے مریض سامنے آئے ہیں تاہم ضلعی حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا تمام یونین کونسلوں میں روزانہ کی بنیادوں پر سپرے اور دیگر حفاظتی انتظامات کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ ڈینگی مہم میں حصہ نہ لینے والی این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔بعد ازاں اجلاس میں ڈینگی مہم کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ وہاڑی سے بیورو رپورٹ 228 نامہ نگار کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی میں ڈینگی ڈے منایا گیا جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خالد جاوید، ڈینگی انسپکشن ٹیم کے فوکل پرسن ڈاکٹرراؤ محمد خلیل نے جیل میں ڈینگی کے حوالے سے بارکوں میں اسیران کو اور ملازمین کو الگ الگ ڈینگی کے بارے میں آگاہی دی اس موقع پر جیل کی اچھی طرح صفائی و ستھری کروائی گئی اور بارکوں میں اسیران اور جیل سٹاف کی رہائشی کالونی میں ڈینگی کی احتیاطی تدبیر کے حوالے سے پوسٹر لگائے گئے اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے اس دوران سپرنٹنڈنٹ جیل سید بابر علی ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدا لصبور سکھیرا ،ڈی او بہبود آبادی راؤ راشد حفیظ، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عرفان شکیل، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ بھی موجود تھے اس موقع پر ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق گورنمنٹ کالج برائے خواتین کرم داد قریشی میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے سیمینار کا انعقاد کیاگیا ، جس میں ڈائریکٹر لالجز ڈی جی خان ڈاکٹر الطاف حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موسم سرما کے شروع ہوتے ہی مچھروں کی افزائش شروع ہو جاتی ہے جس سے ڈینگی سمیت دیگر بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ، جس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے تاکہ ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے بچا جاسکے۔ بہاولپور سے بیورو رپورٹ 228 ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق ،وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکی ہدایت پر جامعہ میں ڈینگی سے متعلق شعوراُجاگر کرنے کے لیے تین ہفتوں پر محیط سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سرگرمیوں میں ضلعی انتظامیہ بہاول پور کے تعاون سے خصوصی سیمینار اور واک کے ذریعے اساتذہ ، ملازمین اور طلبہ وطالبات کو انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں آج فیکلٹی آف آرٹس کے مختلف کلاس رومز میں ڈینگی سے تحفظ سے متعلق محکمہ صحت حکومت پنجاب کی تیار کردہ دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں ۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر میمونہ غنی نے اساتذہ اور طلبہ وطالبات میں ڈینگی سے متعلق خصوصی لٹریچر تقسیم کیا۔ ای ڈی اوزراعت چوہدری تنویراحمد کی سربراہی میں گزشتہ روز انسدادڈینگی کے حوالے سے اجلاس منعقدہواجس میں ایگری کلچر انجینئرنگ محکمہ پیسٹ وارننگ محکمہ کارخانہ زرعی آلات محکمہ کراپ رپورٹنگ مارکیٹ کمیٹی، پیسٹی سائیڈزکوالٹی کنٹرول لیب، محکمہ زراعت توسیع محکمہ لائیوسٹاک، محکمہ فشریز ریجنل ایگری کلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ارڈ زون سمیت متعدد محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی اجلاس کے دوران شرکا کوبتایاگیاکہ ڈینگی مچھرکے تدارک کیلئے ہنگامی بنیاوں پرکام کیاجائے اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسرزراعت محمدعرفان چیمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ملک نجم الحسن ، ڈی ڈی اوزراعت چوہدری محمداشفاق زراعت آفیسر چوہدری بشیراحمد اوردیگرنے خصوصی طورپرشرکت کی۔ ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ کی ہدایت پر ڈی او ماحولیات عامر ارشاد رحمانی اورٹی ایم اے سٹی کے ٹی او آرمظہر رشید کی سربراہی میں ٹیم نے ڈینگی مکاؤ مہم میں بہاول پور اور یزمان میں قائم ٹائر شاپس اور پودوں کی نرسریوں کو چیک کیااور دوران چیکنگ دوکانوں کے باہر رکھے سینکڑوں کی تعداد میں پرانے ٹائر اپنے قبضے میں لے لیے ٹیم نے 20 پودوں کی نرسریاں بھی چیک کی اور ان کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دوکانوں اور نرسریوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والے مالکان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ٹیم میں انسپکٹر ماحولیات علیم ساگر، چوہدری ندیم،انصر عباس اور وحید مراد لاشاری بھی موجود تھے۔ مٹھن کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق لاروا کے خاتمہ سے ڈینگی کی افزائش کو روکا کیا جا سکتا ہے۔طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت ڈینگی مچھر زیادہ حملہ آور ہوتا ہے۔اس لئے ہم سب کو ان اوقات میں احتیاط برتنی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج راجن پور مسز شاہینہ ناز نے ڈینگی سے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س مو قع پر لیکچرارز ، سٹاف اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔پرنسل نے کہا کہ اپنے گھر اور ادارہ کے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔