طلحہ نوید میرے بھائی کوکچل کربھاگ گیا ، ہم کیس چلائیں گے معافی نہیں دیں گے:رانا رمیز

طلحہ نوید میرے بھائی کوکچل کربھاگ گیا ، ہم کیس چلائیں گے معافی نہیں دیں ...
طلحہ نوید میرے بھائی کوکچل کربھاگ گیا ، ہم کیس چلائیں گے معافی نہیں دیں گے:رانا رمیز

  



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مقتول رانا بلال کے بھائی رانا رمیز کا کہنا ہے کہ ملزم طلحہ میرے بھائی کوکارسے آدھا کلومیٹرتک گھسیٹ کرلے گیامیرے بھائی کی کوئی ہڈی ایسی نہیں جو ٹوٹی نہ ہوطلحہ نوید میرے بھائی کوکچل کرلاوارثوں کی طرح سڑک پرچھوڑکربھاگ گیا تھا ہم کیس چلائیں گے معافی نہیں دیں گے اور صلح نہیں کریں گے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول رانا بلال کے بھائی رانا رمیز کاکہنا تھا کہ پولیس ڈی ایس پی کے بیٹے طلحہ نوید کو سپورٹ کررہی ہے،ہمیں پولیس سے انصاف کی کوئی امیدنہیں ہمیں توپولیس نے آج ملزم کی پیشی کابھی نہیں بتایا میڈیاسے معلوم ہوا،میڈیاکے شکرگزارہیں جسکی وجہ سے ملزم قانون کے شکنجے میں آیا،کل تک ہم مطمئن نہیں تھے اب اطمینان ہوا ہے۔

انہوں نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دو دن تک مرکزی ملزم طلحہ کی جگہ 24سالہ فہیم کو زیرحراست رکھا گیا جوکہ ڈی ایس پی کا بھانجا اور لائسنس یافتہ ہے۔ڈی ایس پی نے اپنے بیٹے کوپہلے پیش نہیں کیابلکہ ضمانت کروالی۔

اس سے قبل لاہور کی مقامی عدالت میں رانا بلال قتل کیس کی سماعت ہوئی ، کیس کے مرکزی ملزم طلحہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم نے عبوری ضمانت کرالی تھی پولیس نے ملزم کو غیر قانونی طورپر گرفتار کیاہے جس پر عدالت نے تفتیش کی تصدیق شدہ کاپی طلب کرلی۔ بعد ازاں عدالت میں تفتیش کی کاپی پیش کردی گئی جس پر عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 16 سالہ طلحہ نوید نے 25 سالہ موٹرسائیکل سوار رانا بلال کو اپنی کارسے کچل دیا تھا اور موقع سے فرارہوگیا تھا ۔ ایکسیڈنٹ کی وجہ سے رانا بلال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

مزید : لاہور