نندی پور پاور پراجیکٹ آزمائشی طور پر دوبارہ چلا دیا گیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزارت پانی وبجلی نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کو آزمائشی طور پر دوبارہ چلا دیا گیا ہے۔وزارت پانی و بجلی کے مطابق آزمائشی بنیاد پر نندی پورپاورپلانٹ سے230میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے۔ابتدائی طور پر نندی پور پاور پراجیکٹ کی 2ٹربائنز چلائی گئی ہیں ایک ماہ تک پاور پلانٹ کو مکمل فعال کر دیا جائے گا ۔واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کا انکشاف ہونے پر نیب نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات بھی کر رہی ہے۔ ضلع گوجرنوالہ کے علاقے نندی پور میں 2008 ء میں شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ 2011 ء کے اوائل میں مکمل ہونا تھا۔ لیکن اتنے سال گزر جانے کے بعد بھی یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔ اس منصوبے کی کل لاگت 23 ارب روپے تھی جو کہ اب ابتدائی لاگت کے تین گنا سے بھی زیادہ ہو کر تقریبا 83 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔