بشار الاسد کے دورہ ماسکو کے بعد روسی صدر پوٹن کاخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان کو فون،ملاقات کے نتائج سے آگاہ کیا
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے شامی صدر بشار الاسد کے دورہ ماسکو کے بعد خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں شام مسئلے کے حل کے لئے بات چیت کی گئی ۔ روسی صدر پوٹن نے سعودی عرب کے بادشاہ اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان کو بشار الاسد سے ہونیوالی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔ کریملن کے ترجمان دمتری پاسکوف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی شاہ سلمان اور صدر ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں شام کے مسئلے پر بات چیت کی گئی ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ روسی صدر نے شاہ سلمان کو بشارالاسد کے دورہ روس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ولادی میر پوٹن نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے بھی شام کے بحران پر بات چیت کی ہے ۔
مزید برآں روس نے اعلان کیا ہے کہ وزیر خارجہ سرگئی لاروف کل ویانا میں امریکی ہم منصب جان کیری سے ملاقات کریں گے اور شام کے مسئلے پر بات کرینگے ۔ روسی وزیر خارجہ سعودی عرب اور ترکی کے وزراءخارجہ سے بھی ملاقات کرینگے۔بتایا گیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور امریکی ہم منصب جان کیری کے درمیان ملاقات کا ایجنڈا طے کر نے کے لئے ٹیلیفونک گفتگو بھی ہو چکی ہے ۔ یاد رہے کہ شام جنگ کے دوران اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں ملک سے ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔