سعید اجمل کی نگرانی میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا منصوبہ ،ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری کردیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے فیصل آباد میں ممتاز کرکٹر سعید اجمل کی نگرانی میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے منصوبہ پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا ہے ۔مسٹر جسٹس عبادالرحمن لودھی نے یہ حکم امتناعی قیصر مشتاق نامی شہری کی درخواست پر جاری کیا ۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ اس نے سرکاری اراضی پٹے پر حاصل کر رکھی ہے مگر ضلعی انتظامیہ اسے یہ اراضی مالکانہ حقوق پردینے کی بجائے کرکٹ اکیڈمی کے لئے مختص کر چکی ہے.ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل نے عدالت کو بتایا کہ ضلعی حکومت نے شہر میں کرکٹ اکیڈمی اور گراﺅنڈ بنانے کے لئے ایم او یو پر دستخط کئے ہیں،شہری کا پٹہ 2000ءمیں ختم ہو چکا ہے،اب وہ اس پر ناجائز قابض ہے ۔کرکٹ اکیڈمی کے انسٹرکٹر کرکٹرسعید اجمل نے عدالت کوبتایا کہ فیصل آباد میں بچوں کو کرکٹ سکھانے کے لئے اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے جس کی جگہ پرقبضہ مافیا نے قبضہ کرلیا ہے ، عدالت قبضہ واگزار کرائے۔فاضل جج نے درخواست گزار کے حق میں عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی مزید سماعت 17نومبر تک ملتوی کردی ۔