”وزارت لونگا نہ کسی جماعت میں کوئی عہدہ“اوکاڑہ سے جیتنے والے ریاض الحق جج کا آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 144اوکاڑہ سے ضمنی الیکشن میں آزاد حیثیت میں جیتنے والے ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ میں کسی بڑی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہونگا۔ میں نے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتا ہے میں اپنی یہی حیثیت برقراررکھونگا، دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں میزبان کامران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حلقے کے لوگوں نے کسی سیاسی جماعت کو ووٹ دینا ہوتا تو مجھے کامیاب نہ کراتے میں ان کے جذبات کی قدر کرتا ہوں اس لئے آزاد رہونگا۔ن لیگ اور پی ٹی آئی نے شمولیت کی پیشکش کی ہے لیکن نہیں جاونگا۔اب لوگوں کی سوچ میں واضح تبدیلی آچکی ہے لوگ اب اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ شعور رکھتے ہیں ساہیوال،پاکپتن سمیت مختلف شہروں کے لوگ مجھے مبارکباد دے رہے ہیں کہ میرا یہ فیصلہ بہت اچھا ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشنز میں آپ دیکھیں گے کہ لوگ کس طرح سیاسی جماعتوں کی بجائے آزاد امیدواروں کو جتوائیں گے، واضح رہے کہ ن لیگ نے ان کو وفاقی وزیر بنانے جبکہ پی ٹی آئی نے اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی تھی۔