زونگ نے 15 لاکھ 4G صارفین کا اہم سنگ میل عبور کر لیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان کے نمبر ون 4G نیٹ ورک زونگ نے 15 لاکھ 4G صارفین کااہم سنگ میل عبور کر لیاہے ۔ اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ہیڈکوارٹر میں گزشتہ روز ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں زونگ کے چیئر مین و سی ای او مسٹر لیو ڈیان فینگ اور چیئر مین پی ٹی اے اسماعیل شاہ نے دیگر اعلیٰ عہدیداران کے ہمراہ اس خوشی میں کیک کاٹا۔واضح رہے کہ زونگ نے حال ہی میں اپنے 4G نیٹ ورک کا دائرہ ملک بھر کے 200 شہروں تک بڑھایا جبکہ پی ٹی اے کی طرف سے ڈیٹا اور وائس سروسز میں نمبر ون آپریٹر کا اعزاز ملا ۔ گزشتہ ماہ زونگ نے ایک ہزار 4G سائٹس کیلئے مزید سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس سے زونگ کے 4G سائٹس کی کل تعداد چھ ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔اس طرح زونگ کی اب تک محض4G کی مد میں کی جانے والی سرمایہ کاری 300 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائے گی ۔ زونگ کی 4G کی کامیابیوں کے تسلسل پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئر مین و سی ای او زونگ مسٹر لیو ڈیان فینگ نے کہاہے کہ 15 لاکھ 4G صارفین کا ہدف حاصل کرنا ہمارے لئے باعث افتخار ہے جو بلاشبہ ہماری ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔ زونگ ایک مستحکم اور مضبوط نیٹ ورک ہے جو 200 سے زائد شہروں میں بہترین ریٹس پر 4G سروسز فراہم کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی ہم پاکستان میں اپنی نمبر ون ڈیٹا پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے 4G نیٹ ورک میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ زونگ نے حال ہی میں اضافی ایک ہزار 4G سائٹس کا اعلان کیا تھا جو موجودہ 5ہزار 4G سائٹس کے علاوہ ہیں ۔ یہ اعزاز بھی صرف زونگ کو حاصل ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے سید اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ میں 15 لاکھ سے زائد 4G صارفین کا سنگ میل عبور کرنے پر زونگ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ نہ صرف زونگ بلکہ پاکستان کی بھی کامیابی ہے ۔ زونگ پاکستان میں4G ٹیکنالوجی کے بانیوں میں سے ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ زونگ کی مزید ایک ہزار 4G سائٹس تک رسائی سے 60 فیصد صارفین کے 4G نیٹ ورک پر تبدیل ہونا یقینی ہوجائے گا ۔ انھوں نے آخر میں کہا ہے کہ یہ زونگ کی بہت بڑی کامیابی ہے اور پاکستان میں 4G نیٹ ورک کے مزید پھیلاؤ کیلئے خوش آئند ہے۔