کباڑ خانے کی جگہ قائم نقول برانچ کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، سائل خوفزدہ

کباڑ خانے کی جگہ قائم نقول برانچ کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، سائل خوفزدہ

  

لاہور(عامر بٹ سے)بورڈ آف ریونیوپنجاب ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں کباڑخانہ ،سٹور اور راہداری کے لئے استعمال کی جانے والی تیسری منزل کی بالائی بالکونی کو نقول برانچ میں تبدیل کر دیا گیا ،جوڈیشل ممبرز کی نقول جاری کرنے والا سٹاف موت کے دہانے پر تعینات کر دیا گیا ،ٹوٹ پھوٹ کا شکار چھتیں ،سردی کی آ مد ،اور ٹوٹے ہوئے فرنیچر کو دیکھ کر شہری بھی نقول برانچ میں جانے سے کترانے لگے ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے،روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق پنجاب بھر کے کمشنر ز ،ڈی سی او اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریونیو دفاتروں کی انسپکشن کرنے والے ادارے بورڈ آف ریونیو پنجاب کی اپنی عمارت بھی سپیشل انسپکشن کے قابل ہو چکی ہے اور اس بات کی منتظر ہے کہ کب کوئی اعلیٰ افسر عمارت کے دفاتروں اور کمروں کا وزٹ کرنے کیلئے آئے ،بورڈ آف ریونیو کی تیسری منزل پر بالکونی کی جگہ قائم کی جانے والی نقول برانچ میں جوڈیشل ممبرز کے صادر شدہ فیصلوں کی مصدقہ کاپی کے حصول کیلئے آنے والے شہری بھی نقول برانچ کے اردگرد دہشت بھرا ماحول دیکھ کر آنے سے کترانے لگے ،کباڑ خانے میں ڈینگی کے لاروے تیار ہورہے ہیں اور مچھروں کی بھرمار ہو چکی ہے، صفائی کے نا قص انتظامات نے بھی رہی سہی کسرنکال دی ہے ،بورڈ آف ریونیو میں آنے والے شہری محمد شریف ،وقار بابر،محمد شکیل انصاری ،خرم شہزاد ،اشرف بٹ ،علی خان،اور اقبال احمد نے آگاہی دی ہے کہ تیسری منزل کی بالکونی پر انتہائی چھوٹی دیوار تعمیر کی گئی ہے جو کہ نیچے دیکھنے ،پاؤں سلپ ہونے یا کسی بھی وقت دھکم پیل کی صورت میں نیچے گر جانے کے 100فیصد امکان ہیں جس سے انسانی جانوں کو بھی انتہائی خطرہ لاحق ہو چکا ہے قبل ازیں بھی بورڈ آف ریونیو کاایک ملازم نیچے دیکھنے کے وقت گرجانے کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ دوسری جانب نقول برانچ میں تعینات اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہم اس حوالے سے تمام خطرات اور تنگی کو محسوس کرنے کے باوجود کسی سے کوئی اپیل یا استدعا نہیں کر سکتے ہیں کہ ہماری نوکریاں بھی ہماری اطلاع سے جاسکتی ہیں،اس لئے ہم خاموش ہیں ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -