جو ڈیشنل کمپلیکس فیز ٹو کی پارکنگ میں گندگی کے ڈھیر،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا اظہار برہمی
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ نے گزشتہ روزجوڈیشل کمپلیکس فیزٹو کی پارکنگ کا دورہ کیا،پارکنگ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیراور مچھروں کی بھرمار پر فاضل جج نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور عدالتی عملے کو 24گھنٹے میں صفائی کا حکم دے دیاہے،جوڈیشل کمپلیکس فیزII میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر400 سے زاہد گاڑیاں کھڑی کرنے کے لئے 2منزلہ پارکنگ سٹینڈ موجود ہے ،پارکنگ جب سے تعمیر ہوئی اس میں صفائی نہیں کی گئی جس سے پارکنگ میں گندگی کے پڑے ڈھیر اوراڑتی مٹی کی وجہ سے وکلا اور سائلین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ،خاص طور پر پارکنگ میں تعینات عملہ اڑتی گرد، مچھروں کی بھرمارسے بیمار ہوگیا ،اس کی اطلاع سیشن جج لاہور کو ملی تو انہوں نے اچانک پارکنگ کا دورہ کیا اور گندگی دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا، سیشن جج نے متعلقہ عملے کو فوری طور پر طلب کرکے ان کی سرزنش کی اور حکم دیا کہ 24گھنٹے میں پارکنگ کی صفائی کرکے سپرے کیا جائے ،بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی،بعدازاں سیشن جج نے جوڈیشل کمپلیکس فیز ٹو کی سیکورٹی بھی چیک کی اور پولیس انچارج کو سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔