پاکستان کسی قیمت پربھارت کی تھانیداری قبول نہیں کرے گا،اشرف بھٹی

پاکستان کسی قیمت پربھارت کی تھانیداری قبول نہیں کرے گا،اشرف بھٹی

  

لاہور(نمائندہ خصو صی )پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے دورحکومت میں بھارت کوحاوی نہیں ہونے دیاتھا ۔ دبنگ آصف علی زرداری کودیکھ کربھارتی حکمرانوں کی آوازنہیں نکلتی تھی مگرآج کل وہ پاکستان کیخلاف آگ اگلتے ہیں۔ پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے جوکسی قیمت پربھارت کی تھانیداری قبول نہیں کرے گاجبکہ نوازشریف پڑوسی ملک کے معمولی سے دباؤاور جارحانہ ہتھکنڈوں سے فوراً مرعوب ہوجاتے ہیں۔ نوازشریف کی داخلی وخارجی پالیسیاں پاکستان کی سا لمیت ،معیشت اورقومی حمیت کیلئے زہرقاتل ہیں۔وہ وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے ضروری اہلیت اورقابلیت نہیں رکھتے لہٰذاء استعفیٰ دے دیں ۔پاکستان کوایک غیور،نڈراورمدبروزیراعظم اورفعال وزیرخارجہ کی ضرورت ہے جوبھارت کے ساتھ برابری کی بنیادپربات کرے ۔

وہ بلھے شاہ روڈپر اپنے اعزاز میں ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ محمد اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ نوازشریف کاشماران افرادمیں ہوتاہے جو ماضی سے کچھ نہیں سیکھتے ،ان سے اس باربھی کئی سنگین غلطیاں سرزدہوئیں لہٰذاء اب انہیں ان کاخمیازہ بھگتناپڑے گا۔اگرقوم نے نوازشریف کومزید مہلت دی توخدانخواستہ وہ پاکستان کوبھارت کی طفیلی ریاست بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کومعلوم ہے اب ان کے استعفیٰ آنے تک عوام صبر سے نہیں بیٹھیں گے لہٰذاء وہ مزید دیرنہ کریں ۔ نوازشریف نے اپنے ہاتھوں سے اپنے پاؤں پرکلہاڑا مارا۔انہیں قومی اداروں کیخلاف غیرضروری مہم جوئی کرنے کی عادت ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -