اقوام متحدہ کے نامزدسیکرٹری جنرل سے ملیحہ لودھی کی ملاقات، نواز شریف کاتہنیتی پیغام پہنچایا
نیویارک(اے این این) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں انہوں نے نئے سیکرٹری جنرل کو وزیراعظم نوازشریف کاتہنیتی پیغام پہنچایا اور جنوبی ایشیا ء اور افغانستان کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق عالمی ادارے کے نومنتخب سربراہ سے پہلی ملاقات میں ملیحہ لودھی نے دنیا کو درپیش چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی سفیر نے نو منتخب سیکرٹری جنرل کو وزیر اعظم نواز شریف اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز کی جانب سے مبارک دی ۔انتونیو گوتریس نے مہاجرین کی میزبانی اور اس سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے طور پر گزشتہ دس سال کے دوران مختلف مواقع پر پاکستان کے دوروں کی یادیں تازہ کیں اور اس دوران پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ واضح رہے کہ یو این ہائی کمشنر کے طور پر انتونیو گوتریس نے چھ مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا۔ وہ یکم جنوری 2017 کو باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کاعہدہ سنبھالیں گے۔
اقوام متحدہ