امریکی انتظامیہ ووٹرز کے حق کے آزادانہ استعمال کو یقینی بنائے گی :اٹارنی جنرل

امریکی انتظامیہ ووٹرز کے حق کے آزادانہ استعمال کو یقینی بنائے گی :اٹارنی ...
 امریکی انتظامیہ ووٹرز کے حق کے آزادانہ استعمال کو یقینی بنائے گی :اٹارنی جنرل

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف)امریکی انتظامیہ نے امریکی عوام کو واضح الفاظ میں یقین دلایا ہے کہ وفاقی حکومت ان کے ووٹ دینے کے حق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن حد تک جائے گی۔خاتون اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے ایک ویڈیو پیغام میں یہ یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی عوام کو آگاہ کر نا چاہتی ہون کہ جب وہ پولنگ میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہوں گے تو ہم پوری طرح چوکس ہوں گے اور خیال رکھیں گے کہ انہیں ووٹ ڈالنے کے عمل کے دوران غیرقانونی طور پر ہراساں نہ کیا جائے ان سے امتیازی سلوک نہ ہو اور کسی جگہ رکاوٹ نہ ہو ری پبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل انتظامیہ پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ اس کی مخالف ڈیموکیریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے حق میں ووٹر فراڈ کرنے کی تیاری کررہی ہے صدر ابامہ نے چند روز قبل وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کا نفرنس میں ٹرمپ کے اس سلسلے میں رونے دھونے پر شٹ اپ کال دی تھی اور بتایا تھا کہ وفاقی حکومت انتخابی عمل کی صرف نگرانی کر سکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر سپورٹ فراہم کرتی ہے جبکہ تمام پولنگ سٹیشنوں اور انتخابی عمل کے سارے نظام کا کنڑول ریاستی گورنروں کے پاس ہوتا ہے۔یادرہے کہ امریکہ کی پچاس ریاستوں کے زیادہ تر گورنروں کا تعلق ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی سے ہے۔ قانون نافذ کرنے والے بنیادی سرکاری ادارے بھی ریاستوں اور لوکل حکومتوں کے کنٹرول میں ہوتے ہیں۔تاہم وفاقی سطح کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے عملے وفاقی محکمہ انصاف کے تحت ہوتے ہیں اور اٹارنی جنرل کا تعلق بھی اسی محکمہ سے ہوتاہے۔

امریکی اٹانی جنرل نے مزید بتایا کہ پچاس میں سے تقریباً آدھی ریاستوں میں وفاقی محکہ انصاف اپنے عملے کے سینکڑوں افراد متعین کرے گا جو انتخابی عمل کو انتہائی احتیاط سے مانیٹر کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ 2012ء کے صدارتی انتخابات میں بھی محکمہ انصاف نے 23ریاستوں میں اپنے عملے کے780افراد بھیجے تھے اور اس دفعہ بھی کم از کم اتنے ہی افراد فراہم کئے جائیں گے۔محکمہ انصاف کا عملہ یہ ریکھے گا کہ کسی ووٹر کے ساتھ اس کے رنگ، نسل یا مذہب کی بنیاد پر مختلف سلوک تو نہیں ہو رہا،معذور افراد کے لئے ضروری سہولتیں موجود ہیں یا نہیں اورانگریزی نہ بولنے والے ووٹروں کے لئے دوسری زبانوں میں معلوماتی ٹیچر اور سٹاف موجود ہے یا نہیں۔

مزید :

صفحہ اول -