آل پاکستان بزنس فورم اور اکانومی اینڈ ٹریڈ انڈسٹریل زون مینجمنٹ کاروپوریشن لمیٹڈ چائنا کے درمیان باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

آل پاکستان بزنس فورم اور اکانومی اینڈ ٹریڈ انڈسٹریل زون مینجمنٹ کاروپوریشن ...

  

لاہور( آن لائن )آل پاکستان بزنس فورم اوراکنامی اینڈ ٹریڈ انڈسٹریل زون مینجمنٹ کاروپوریشن لمیٹڈ چائنا نے باہمی مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور طویل مدتی باہمی معاشی مفادات کیلئے مشترکہ طور پرکام کیا جائیگا۔آل پاکستا ن بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے جنوب ایشائی خطے کی تیز تر ترقی کیلئے چینی اقدامات کو سراہا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے کیلئے سمیڈا اور ہیڈ آف ایکسٹرنل ریلیشنز ڈائریکٹوریٹ شہریار طاہر کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے موقع پر اے پی بی ایف کے سیکریٹری جنرل سید معاذ محمود،اے پی بی ایف کے نیشنل بورڈ اراکین عاصم شیخ و عامر باری، سمیڈا کے سینئر افسران بشمول جنرل منیجر سینٹرل سپورٹ ڈاکٹر نعیم رؤف،جنرل منیجر پالیسی و پلاننگ نادیہ سیٹھی اور شہریار طاہر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آل پاکستان بزنس فور م کے صدر ابراہیم قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہیں ،باہمی مفاہمت کی اس یاداشت کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی،ثقافتی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کی راہیں ہموار ہوں گی ،دونوں ممالک مشترکہ حکمت عملی کے تحت نئے صنعتی زونز کے قیام کی کوششیں کرسکتے ہیں جبکہ اس ضمن میں ترقی سے محرو م علاقوں کو زیادہ توجہ دی جاسکتی ہے ،انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ باہمی مفاہمت کی اس یاداشت کے تحت اقدامات کیلئے آل پاکستا ن بزنس فورم اپنے تمام تر وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائیگا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی،اقتصادی و معاشی تعاون کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا

مزید :

کامرس -