ورکر ویلفیئر بورڈ اوراس کے تحت چلنے والے سکولوں میں صرف خواتین کی بھرتیوں کیخلاف عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے بورڈ کے متعلقہ ڈائریکٹر ریکارڈ سمیت طلب

ورکر ویلفیئر بورڈ اوراس کے تحت چلنے والے سکولوں میں صرف خواتین کی بھرتیوں ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ورکر ویلفیئر بورڈ اوراس کے تحت چلنے والے سکولوں میں مختلف اسامیوں پر صرف خواتین کی بھرتیوں کے خلاف عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے بورڈ کے متعلقہ ڈائریکٹر ریکارڈ سمیت طلب کر لیاہے۔جسٹس شجاعت علی خان نے یہ عبوری حکم امتناعی طاہر سلیم کی درخواست پر جار ی کیا، درخواست گزار کے وکیل رانا اکرم نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ میں مختلف عہدوں کی 400 سے زائد اسامیوں کے لئے اشتہار دیا گیا ہے، اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ان عہدوں پر صرف خواتین درخواستیں دینے کی اہل ہیں جبکہ مردوں کو درخواستیں دینے کی اجازت ہی نہیں دی گئی جو مردوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کے مترادف ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن اس کے باوجود بورڈ نے ایک نیا اشتہار جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ میں اسامیوں پر پہلے اشتہار کے مطابق ہی بھرتیاں ہوں گی ، عدالت نے اشتہار کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ میں مختلف عہدوں کی 400سے زائد اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل روکتے ہوئے متعلقہ ڈائریکٹر کو 3 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

مزید :

صفحہ آخر -