ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کی کوریا کیخلاف 1-0سے فتح

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کی کوریا کیخلاف 1-0سے فتح

  

کوالالمپور(اے پی پی) چوتھی ایشین مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے جنوبی کوریا کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی، عبدل خان نے میچ کے آخری منٹ میں پنالٹی کارنر پر شاندار گول کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ ملائیشیا میں جاری ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا اور اس نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے میدان مار لیا، پہلے تین ہافس میں دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، چوتھے اور آخری ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے زبردست مقابلہ کیا تاہم آخری منٹ میں پاکستان کے عبدل خان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ (کل) اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس کو پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -