آصف زرداری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی پر خارج

آصف زرداری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی پر خارج

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے فوج مخالف بیان بازی کے الزام میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کور ٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے لئے یہ درخواست مقصود احمد اعوان ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی ایک تقریرکے دوران فوج کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا اور فوج کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دی ،سابق صدر نے فوج مخالف بیاں بازی کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کو جان بوجھ کر کارنر کیا جارہا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سابق صدر کے بیان سے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کے حوصلوں کو پسپا کرنے کی کوشش کی گئی ،عدالت آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرے۔درخاست گزار اور ان کے وکیل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -