سوات میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں،محمود خان

سوات میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں،محمود خان

  

پشاور ) سٹاف رپورٹر(خیبر پختونخوا کے وزیرِ کھیل ، ثقافت، میوزیم اور امورِ نوجوانان محمود خان نے پیسکو حکام سے کہا ہے کہ وہ ضلع سوات میں بجلی کی سہولیات سے محروم علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔ یہ بات انہوں نے واپڈا ہاؤس پشاور میں چیف پیسکو کے ساتھ ایک اجلاس میں کہی ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو پیسکو خیبر پختونخوا انوارالحق یوسف زئی کے علاوہ پیسکو کے دیگر اعلیٰ حکام بھی مو جو د تھے۔ اجلا س میں ضلع سوات اور باالخصوص پی کے - 84 مٹہ سوات میں بجلی کے کم وولٹیج، اوور لوڈنگ اور بجلی کی ترسیل کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ۔ چیف پیسکو نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلع سوات میں کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے نئے گریڈ سٹیشن اور نئے فیڈرز قائم کئے جارہے ہیں جس سے لوگو ں کو بجلی کے کم وولٹیج اور اوورلوڈنگ سے چٹکارہ حاصل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بتا یا کے تحصیل مٹہ میں بھی نئے گریڈ سٹیشن کے قیام پر کام جاری ہے جس سے تحصیل مٹہ کے لوگ بہت جلد مستفید ہو نگے۔صوبائی وزیر محمو د خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے دور دراز ، پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کے عوام کو زندگی کی تمام بنیادی آسائشیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس عزم کو وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی مخلصانہ قیادت میں عملی طور پر ممکن بنایا جا رہا ہے تاکہ تبدیلی کے ثمرات پسماندہ علاقوں کو بھی مل سکیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -