دونومبر کو ہر قیمت پر پی ٹی آئی کا دھرنا ہوگا،راجہ راشد حفیظ

دونومبر کو ہر قیمت پر پی ٹی آئی کا دھرنا ہوگا،راجہ راشد حفیظ

  

راولپنڈی( جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پوری قوم نے مسلم لیگ ن کی جمہوریت کو دیکھ اور سن لیا ہے . بلدیاتی الیکشن کے نام پر قوم کے ساتھ ہونے والا مذاق اور شریف برادران بمقابلہ شریف برادران کے انٹرا پارٹی الیکشن ان کی وہ جمہوریت ہے جس کے بارے میں بالآ خر سپریم کورٹ کو بھی بولنا پڑا . پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا نوٹس جاری کرنا ایک قانون عمل ہے مگر قوم حکمرانوں سے اپنے ساتھ بولے گئے جھوٹ ، لوٹ مار اور دیگر زیادتیوں کا حساب ضرور لے گی جس کیلئے 2 نومبر کو اسلا م آباد میں تحریک انصاف کے جھنڈے تلے دھرنا ہر قیمت پر ہوگا . انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 میں اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ن لیگ نے بلدیاتی الیکشن تو بہت پہلے کروا دئیے تھے مگر ابھی تک عوام کے منتخب کردہ بلدیاتی نمائندوں کو کسی کھاتے میں نہیں لکھا جا رہا . حکمران در اصل اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے خوف زدہ ہیں کیوں کہ اس طرح ان کی کرپشن کے دروازے بند ہو جائیں گے . انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جمہوریت نواز شریف ، شہباز شریف اور ان کے اپنے خاندان سے شروع ہو کر اسی پر ختم ہو جاتی ہے اور اسی لئے سپریم کورٹ کو یہ ریمارکس دینے پڑے کہ یہ جمہوریت ہے یا بادشاہت ہے . راجہ راشد حفیظ نے کارکنوں سے کہا کہ وہ بلا خوف ہو کر اسلام آباد دھرنے کی تیاری کریں اور انتہائی پر امن رہیں جیسا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے ہمیں ہر حال میں پر امن رہنے کی تلقین کی ہوئی ہے .

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -