ملک کوکرپٹ حکمرانوں سے آزاد کرائیں گے، عمران خان، تحریک انصا مختلف تنظیموں سے500مسلح افراد مانگے ہیں،مسلم لیگ ن

ملک کوکرپٹ حکمرانوں سے آزاد کرائیں گے، عمران خان، تحریک انصا مختلف تنظیموں ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2نومبر ملکی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دن ثابت ہوگا جس دن ملک کی قسمت کا فیصلہ ہو جائے گا۔اس دن ہم ملک کو چوروں کے نرغے سے آزاد کرا کے ایک ایسا ملک بنائیں گے جیسا یہ بننا چاہیے تھا، ایک ایسا ملک جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی سوچ کا آئینہ دار ہوگا جس میں عدل و انصاف کی بالادستی ہوگی اور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا بے رحمانہ احتساب ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور کے نواحی علاقے متنی میں 2نومبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عمران خان نے 2نومبر کے دھرنے کو ملک میں ظلم و نا انصافی اور کرپشن کے خلاف جہاد قرار دیتے ہوئے کارکنوں پر زور دیاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس دھرنے میں شریک ہو کر اس کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے تمام عناصر کے خلاف پی ٹی آئی کی فیصلہ کن تحریک ہوگی جس کی کامیابی کے ساتھ ہمارے ملک کی ترقی وخوشحالی وابستہ ہے اگر خدا نخواستہ ہم اس تحریک کو کامیاب نہ بنا سکے تو پھر ہماری آنے والی کئی نسلیں بھی اس کرپٹ نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر پائیں گی۔عمران خان نے کہا کہ 2نومبر کو ملکی خزانے کو باری باری لوٹنے والے عناصر ایک طرف ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی اور عوام دوسری طرف ہوں گے لیکن کامیابی انشاء اللہ عوام کو نصیب ہوگی جو ان لٹیرے عناصر کے ساتھ ساتھ کئی دہائیوں سے جاری ظلم اور نا انصافی کے نظام سے بھی چھٹکارا حاصل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب کسی ملک یاقوم کاسربراہ کرپٹ ہوتا ہے تو اوپر سے نیچے تک سارا نظام کرپٹ ہوتا ہے اور جب سربراہ کے اخلاقی معیار بلند ہوں تو قوم کی اخلاقیات بھی بلند ہوتی ہیں۔ہمیں ایک ایسا سربراہ چاہیے جو اخلاقی اقدار کا مالک ہو جو ہر لحاظ سے پاک صاف ہو اور جس پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔اس مقصد کیلئے پاکستان تحریک انصاف عوام کے تعاون سے2نومبر کو بھرپور طریقے سے میدان میں آئے گی اور ہم کسی طرح بھی اپنے اس مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ہم اس ملک میں عدل و انصاف کا نظام قائم کریں گے بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے،لٹیرے عناصر کا احتساب کریں گے اور ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے اس کو بیرونی قرضوں سے ہمیشہ کے لئے آزاد کرائیں گے۔ جلسے سے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک،صوبائی وزیر شاہ فرمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اے این این کے مطابق عمران خان نے کہاہے کہ نواز شریف کی ذاتی کرپشن پکڑی گئی ہے اور ان کی ذاتی کرپشن پر سرکاری وکیل کے مقدمہ لڑنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،اٹارنی جنرل کس منہ سے عوام کے پیسے سے کرپٹ وزیراعظم کا کیس لڑرہے ہیں،اسلام آباد دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے حکمرانوں کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔ پشاور روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی کرپشن پکڑی گئی ہے اور کوئی جواز نہیں کہ ان کا مقدمہ سرکاری وکیل لڑے وہ اپنے ذاتی وکیل کے ذریعے پاناما لیکس کا کیس لڑیں۔ اٹارنی جنرل شریف خاندان کی کرپشن کو بچانے کی کوشش نہ کریں وہ کس منہ سے عوام کے پیسے سے کرپٹ وزیراعظم کا کیس لڑرہے ہیں شریف خاندان ارب پتی جبکہ ان کے بچے کھرب پتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی کرپشن بچانے کے لئے پاکستان کو تباہ کررہے ییں اور ان کے پیچھے بھارتی لابی کام کررہی ہے، جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے نوازشریف 7 ماہ سے کوئی جواب نہیں دے رہے لیکن اب ان کو حساب دینا ہوگا،اب بھی وقت ہے کہ نواز شریف احتساب کے لئے خود کوپیش کردیں۔ عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے حکمرانوں کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں اور یہ تاثر قائم کیا جارہا ہے کہ دونومبر کا دھرنا فوج کرارہی ہے اور فوج امن نہیں چاہتی، اب حکمرانوں نے 2 نومبر کے حوالے سے کالعدم تنظیموں کی اسلام آباد آمد کا نیا شوشا چھوڑا ہے کبھی ہمیں مذاکرات کے لئے کہا جاتا ہے لیکن اب مذاکرات 2 نومبرکو اسلام آباد میں ہی ہوں گے اور عوام کا سمندر ہمارے ساتھ ہوگا۔

عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے، ماضی میں آگاہ کیا تھا پی ٹی آئی اسلحے کی تلاش میں ہے اور مسلح افراد کیلئے مختلف تنظیموں سے رابطہ کر رہی ہے۔مسلم لیگ کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں ایک بار پھر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر مملکت طارق فضل چودھری نے کہا عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی بیماری ہے اور اس وقت عمران خان ڈپریشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کام کر رہی اور کرتی رہے گی جبکہ وزیراعظم کی ہیلتھ کارڈ اسکیم کامیابی سے جاری ہے، وزیراعظم نے رحیم یار خان میں مستحکم لوگوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے ہیں۔ دانیال عزیز نے الزام لگایا کہ عمران خان نے دھرنے کیلئے مختلف تنظیموں سے 500 مسلح افراد مانگے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جہادی تنظیموں سے وابستگی نئی نہیں ہے۔ کہتے ہیں عمران خان کا نام طالبان خان میں نے نہیں ڈالا تھا ان کا لہجہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔

دانیال عزیز

مزید :

پشاورصفحہ اول -