فلاحی امور پر توجہ دینے سے معاشرہ خوشحال ہوسکتا ہے،احسن اقبال

فلاحی امور پر توجہ دینے سے معاشرہ خوشحال ہوسکتا ہے،احسن اقبال

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فلاحی امور پر توجہ دینے سے معاشرہ خوشحال اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔انہوں نے یہ بات ملک کی ممتاز سماجی شخصیت اور ماہر تعمیرات محمود الحق علوی کی برسی کے موقع پر محفل قرآن خوانی کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آنحضور نبی اکرم نے معاشرے کی فلاح کرنے والے لوگوں کو جنت کی بشارت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو مہنگائی غربت ،بیماری ایسے خوفناک مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا محمود الحق علوی نے اپنی تمام زندگی معاشرتی فلاح کیلئے بسر کی ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں اپنی آمدنی کا ایک خطیر حصہ فلاحی کاموں پر مختص کیا ۔انہوں نے علی ٹرسٹ ، علی انجینیئرنگ کالج ، اور بیسیوں کالج اور سکول قائم کروائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ انکی اولاد بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر فلاحی امور میں مصروف ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ محمود الحق علوی کے فلاحی اقداما ت کا دائرہ پورے ملک پر محیط تھا ۔وہ فلاھی امور میں نمود ونمائش کے قائل نہیں تھے اور معاشرتی بھلائی کے امور خاموشی سے سرانجام پہنچاتے تھے ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں پانچ کالج اڑسٹھ سکول تعمیر کروائے اور اسی طرح 41مساجد اور متعدد یتیم خانے تعمیر کروائے ۔ممتاز سکالر ڈاکٹرغضنفر مہدی نے کہا کہ محمود الحق علوی اتحاد امت کے امین تھے ۔وہ فرقہ واریت اور انتہاپسندی کیخلاف تھے ۔وہ اس اصول پر گامزن تھے کہ اپنا عقیدہ چھوڑو نہیں اور دوسرے کا عقیدہ چھیڑو نہیں۔ محمود الحق علوی فرقہ واراتحاد کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتے ہیں۔صاحبزادہ فاروق گل بادشاہ پیر آف موہڑا شریف نے کہا کہ محمود الحق علوی ایک سچے عاشق رسول تھے ۔ان کے دل میں اہلبیت اتحاد اور اصحابہ کرام کیلئے عشق موجزن تھا۔ انہوں نے کہا آنحضور نبی اکرم کی سیرت پاک اور حضرت پنج تن پاک اور صحابہ کرام کی تعلیمات کو عالمی سطح پر پھیلایا جائے تاکہ دنیا مسلمانوں کودہشت گرد سمجھنا ختم کردے ۔صاحبزادہ بدرعالم جان پشاور نے کہا کہ محمود الحق علوی اولیائے کرام سے خصوصی عقیدت رکھتے تھے ۔ان کا آبائی تعلق پاک پٹن شریف سے تھااس لیئے بابا فرید گنج شکر کی خانقاہ پر انہوں نے جامع مسجد کی تعمیر کروائی ۔انہوں نے کہا کہ محمود الحق علوی کی فکر ملک کے دیگر سرمایہ داروں کیلئے ایک مثال ہے ۔محمود الحق علوی کے بڑے صاحبزاے عرفان الحق علوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -