بھارت پر ہم سے زیادہ قرضہ ہے لیکن وہاں حکومت چیخیں نہیں ماررہی :رانا محمد افضل نے مہنگائی کی وجہ اسد عمر کے فیصلوں کوقرار دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا محمد افضل نے کہاہے کہ مہنگائی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اسد عمر کو غریب عوام کی حالت کا پتہ نہیں ، وہ دفتر میں بیٹھ کر ایک آمر کی طرح فیصلے کررہے ہیں، بھارت پر ہم سے زیادہ قرضہ ہے لیکن وہاں حکومت ہماری طرح چیخیں نہیں مارر ہی۔
دنیا نیوز کے پر وگرام ”نیوز بیٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے رانامحمد افضل نے کہا کہ یہ کہناکہ مسلم لیگ ن خزانہ چھوڑ کرگئی ، اس سے بڑا جھوٹ نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوئی حکومت اتنی رقم قومی خزانے میں چھوڑ کر نہیں گئی جتنی مسلم لیگ ن چھوڑ کرگئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ابھی تک کوئی روڈ میپ نہیں دیا ، ڈالر کی قیمت 22روپے بڑھی ہے اورجتنی بڑھتی جائیگی ،اس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوتا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پر ہم سے زیادہ قرضہ ہے لیکن وہاں کی حکومت تو چیخیں نہیں ماررہی ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کوغریب کی حالت کا پتہ نہیں ہے ، وہ ایک دفتر میں بیٹھ کر ایک آمر کی طرح فیصلے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف یہ کہے گا کہ بجلی کی پندرہ سو ارب روپے کی چوری پکڑو کیونکہ تم کرپشن کے ٹھیکیدار بن کر آئے ہو، تحریک انصاف کی حکومت آنے سے ڈیڑھ سو ارب روپے کا گردشی قرضہ مزید بڑھ گیاہے ۔