نیب آفس میں شہباز شریف کی اہل خانہ سے ملاقات، کیا گفتگو ہوئی اور شہباز شریف کو کھانے میں کیا پیش کیا گیا؟ اندرونی کہانی منظرعام پر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی اہل خانہ سے نیب آفس میں ملاقات کرائی گئی جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ملاقات کرنے والوں میں دونوں بیٹے، اہلیہ، بہو، نواسیاں اور بیٹی موجود تھے جبکہ انہیں عشائیے میں دال چاول، باربی کیو اور کھیر پیش کی گئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اہل خانہ کیساتھ عام وزیٹر لاﺅنج کے بجائے علیحدہ کمرے میں ملوایا گیا جبکہ انہوں نے اہل خانہ کیساتھ رات کا کھانا بھی کھایا۔ ملاقات کرنے والوں میں حمزہ شہباز، سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور عباس شریف کے بیٹے بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو اہل خانہ نے عشائیے میں دال چاول، باربی کیو اور کھیر پیش کی۔ شہبازشریف نے کھانے کے دو باکس زیرحراست دیگرافراد کیلئے بھی بھجوائے۔انہوں نے اپنے اہل خانہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ سب کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کڑا اور کٹھن وقت ضرور ہے، لیکن مشرف دور سے زیادہ مشکل نہیں۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو فخرہونا چاہیے کہ مجھ پرکرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کیا جاسکا، اختیارات سے تجاوز کے الزام میں بھی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا اور نیب دفتر آمد پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں اور نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا۔