ویرات کوہلی اور روہت شرما کی شاندار سنچریاں، ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست
گوہاٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
برساپارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ شمرون ہیتمیئر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 78 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں کیرن پاول نے 51، چندراپال ہمراج نے 9، شئی ہوپ نے 32، مارلون سیمیولز نے 0، ررومین پاول نے 22، جیسن ہولڈر نے 38، ایشلے نرس نے 2، دویندرا بشو نے 22 اور کیمار روچ نے 26رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے یوزویندرا چھاہل سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد شامی اور رویندرا جدیجہ نے 2,2 جبکہ خلیل احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کی عمدہ سنچریوں کی بدولت مقررہ ہدف 43 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روہت شرما نے ناقابل شکست 152 رنز اور ویرات کوہلی نے 140 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شیکھر دھون نے 4 اور امباتی رائیڈو نے 22 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور اوشین تھامس سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 83 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دویندرا بشو نے بھی 72 رنز کے عوض صرف ایک کھلاڑی کو ہی آﺅٹ کیا۔