فضیلہ قاضی سیاسی میدان میں بھی شوہر کے قدم بقدم

فضیلہ قاضی سیاسی میدان میں بھی شوہر کے قدم بقدم

  

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ فضیلہ قاضی ضمنی انتخاب میں اپنے شوہر اداکار قیصر نظامانی کے ساتھ قدم بقدم کھڑی ہیں۔اداکار قیصر نظامانی اورفضیلہ قاضی کا شمار پاکستان شوبز کی نامور جوڑیوں میں ہوتا ہے، فضیلہ قاضی نے ہر شعبے میں اپنے شوہر کا ساتھ دیا ہے اور اب وہ سیاسی میدان میں بھی قیصر نظامانی کے قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہیں۔کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ملک کے نامور اداکار قیصر نظامانی پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے میدان میں اترے ہیں۔ اداکارہ فضیلہ قاضی اپنی شوہر کی جیت کے لیے پرامید ہیں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 247 بہت بڑا حلقہ ہے، آج ووٹرز ضرور ووٹ کاسٹ کرنے نکلیں گے، آج حقیقی ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے، آج کے ووٹرز وہ نہیں ہیں جن کو بسوں میں یا لالچ دے کر لایا جاتا تھا، پیپلزپارٹی نے اس سیٹ پر بہت محنت کی ہے، مجھے امید ہے قیصر خان اس سیٹ پر کامیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ این اے 247 سے عارف علوی نے یہ سیٹ جیتی تھی، تاہم ان کے صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔ اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کے صادق افتخار،پی ایس پی کے ارشد وہرہ اور پیپلز پارٹی کے اداکار قیصر نظامانی کے درمیان مقابلہ ہے۔

مزید :

کلچر -