لگتا ہے حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کرلیا،سکندر شیرپاؤ

لگتا ہے حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کرلیا،سکندر شیرپاؤ

  

پشاور(آن لائن) قو می وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے کی بجائے بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات اوراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجس سے ان کی مشکلات مزید بڑھ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ میں قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ انھوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا اٹل فیصلہ کرلیا ہے۔ الیکشن 2018میں نوجوانوں کو روز گار اور تبدیلی پر دھوکہ دیا گیاکیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت قوم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے برعکس پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ 18ویں ترمیم کو ختم اور قومی مالیاتی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم کرنا چھوٹے اور پسماندہ اکائیوں کے معاشی قتل کے مترادف تصور کی جائے گی اوراگر ایسی کوئی کوشش کی گئی تو قومی وطن پارٹی اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔انھوں نے کہا کہ مضبوط صوبے ہی مضبوط وفاق کی علامت ہے لیکن موجودہ حکومت صوبوں کو مستحکم کرنے کی بجائے انھیں مزید کمزور کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس ملک و قوم کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن اور پروگرام نہیں اور اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے نان ایشوز میں الجھ کر قوم کا قیمتی وقت ضائع کر رہی ہے۔

سکندر شیرپاؤ

مزید :

صفحہ آخر -