ملازمہ کنزہ پر تشدد ،خاتون فوجی افسر اورشوہر کیخلاف مقدمہ درج

ملازمہ کنزہ پر تشدد ،خاتون فوجی افسر اورشوہر کیخلاف مقدمہ درج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) 11سالہ ملازمہ کنزہ پر تشدد کرنے کے الزام میں خاتون فوجی افسر اور ان کے شوہر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، مالک اور مالکن کنزہ کو 2 سال سے تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے جس کی وجہ سے وہ واپس نہیں جانا چاہتی تھی اور پڑھنا چاہتی تھی ،بہن کا دعویٰ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تشدد کا نشانہ بنائی گئی 11 سالہ گھریلو ملازمہ کی بہن کا دعویٰ ہے کہ مالک اور مالکن کنزہ کو 2 سال سے تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے، جس کی وجہ سے وہ واپس نہیں جانا چاہتی تھی اور پڑھنا چاہتی تھی ۔ راولپنڈی کی ولایت کالونی میں خاتون سرکاری افسر عمارہ ریاض اور ان کے خاوند ڈاکٹر محسن کی جانب سے 11 سالہ گھریلو ملازمہ کنزہ پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس کا نوٹس لیا تھا۔وائرل ویڈیو میں بچی کی آنکھ پر چوٹ جبکہ گال، گردن اور بازو پر بھی زخموں کے نشانات دیکھے جاسکتے ہیں۔ دریں اثنا کنزہ پر تشدد کرنے کے الزام میں خاتون فوجی افسر اور ان کے شوہر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔اس حوالے سے متاثرہ گھریلو ملازمہ نے بتایا تھا کہ وہ ولایت کالونی میں میجر عمارہ ریاض اور ان کے خاوند ڈاکٹر محسن ریاض کے گھر پر ملازمہ تھی۔ میجر عمارہ ریاض اور ان کے شوہر بھوکا رکھتے اور وائر، بیلٹ اور رسی سے گزشتہ ایک سال سے تشدد کا نشانہ بنارہے تھے۔سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میاں بیوی کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ میں درج کیا گیا جس میں حبس بیجا، تشدد و دیگر دفعات شامل کی گئیں۔ پولیس نے ملٹری پولیس کو بھی اطلاع دے دی ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو دن 12 بجے کرنل سجاد کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال موصول ہوئی تھی جس میں انہوں نے شکایت کے حوالے سے اطلاع دی تھی۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی کنزہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی پر تشدد کے نشانات 15 سے 20 دن پرانے ہیں۔11 سالہ کنزہ کا بے نظیر بھٹو ہسپتال میں میڈیکل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے کئی نشانات موجود ہیں اور پیٹ میں درف اور سوجن کی شکایت پر بچی کا الٹرا ساؤنڈ بھی کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کے بائیں بازو اور کندھے پر تکلیف کی وجہ سے حرکت نہیں ہورہی ہے جبکہ گردن پر ناخن کے نشانات موجود ہیں اور آنکھ پر بھی زخم ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -