ڈپلو میٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کرنیوالی خاتون ہسپتال داخل

ڈپلو میٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کرنیوالی خاتون ہسپتال داخل

  

اسلام آباد(این این آئی) ڈیوٹی جج نے بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش سے روکنے پر سکیورٹی اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والی خاتون کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا تاہم طبیعت ناساز ہونے پر خاتون کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ڈاکٹر شہلا شکیل سیٹھی کو اتوار کی صبح پولیس نے اسلام آباد کی سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا تھاجس کے بعد انہیں ڈیوٹی جج عدنان رشید کے روبرو پیش کیا گیا جہاں پولیس کی جانب سے ملزمہ کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔اس موقع پر ڈاکٹر شہلا کے وکیل نے ضمانت کی درخواست کردی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی آر میں درج تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔وکیل کے مطابق ان کی موکلہ بیرون ملک سے کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہیں لیکن پولیس اہلکاروں نے رہنمائی کرنے کے بجائے دبا ؤکا ماحول بنادیا۔وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ان کی موکلہ دل کی مریضہ ہیں اور دبا ؤمیں ذہنی حالت مفلوج ہوجاتی ہے۔عدالت نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔جج عدنان رشید کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر ملزمہ کا طبی معائنہ کرائیں، اگر طبی معائنے میں ملزمہ کو صحت مند قرار دیا جائے تو جیل بھجوا دیں اور اگر ڈاکٹر تجویز کرتے ہیں تو ہسپتال میں داخل کرادیں۔جج نے پولیس حکام کو وکیل صفائی کو واقعے کی ویڈیو کلپ دکھانے کی بھی ہدایت کی۔شعبہ امراضِ قلب کے ڈاکٹروں نے خاتون کا تفصیلی طبی معائنہ کیا،ملزمہ ہسپتال داخل، آج تک سی سی یو وارڈ میں رکھا جائے گا ۔

ڈپلومیٹک انکلیو

مزید :

صفحہ آخر -