بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، اسلم رئیسانی

بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، اسلم رئیسانی

  

کوئٹہ( این این آئی) نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ پہنچ گئے ۔ سراوان ہاؤس کوئٹہ میں قبائلی عمائدین ، سیاسی کارکنوں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کرکے کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، نوابزادہ رئیس رئیسانی، نوابزادہ میر اسماعیل رئیسانی بھی موجود تھے ۔ نواب اسلم رئیسانی کا مبارکباد دینے کیلئے آنیوالے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے بلوچستان کے وسائل کو لوٹنے کیلئے یکجا ہونے والوں کو شکست دی ہے ۔ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔مستونگ اور وڈھ کے عوام نے اپنے سیاسی فہم و دانش کے تحت بلوچستان کے حقوق اور قومی شناخت کے تحفظ کیلئے صوبے کے اجتماعی مفادات میں عملی جدوجہد کا حصہ بن کرصوبے میں تاریخ رقم کی ہے ۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کا کہنا تھاکہ پاکستان کو بحرانوں میں دھکیلنے والوں کی نظر ریکوڈک سیندک سمیت صوبے کی معدنیات اور ساحل پر ہے ایسے میں بلوچستان کے وسائل کا دفاع کرنے کیلئے ضمنی انتخابات میں صوبے کے عوام نے نواب اسلم رئیسانی اور میر اکبر مینگل کو کامیاب کرکے صوبے کے ساحل وسائل کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔

رئیسانی

مزید :

صفحہ آخر -