ملک و قوم کی خدمت کیلئے میدان میں اترے ہیں، سیف اللہ خالد

ملک و قوم کی خدمت کیلئے میدان میں اترے ہیں، سیف اللہ خالد

  

کراچی (آن لائن) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کی خاطر سیاسی میدان میں اترے ہیں۔ بیرونی دباؤ پر ہمیں تنہا کرنے کے منصوبے بنائے گئے۔ ہماری کسی سے ذاتی یا سیاسی لڑائی نہیں، ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر تمام طبقوں کو جمع کر رہے ہیں۔ انتخابات میں کسی مسلک کا فرقے کی نمائندگی نہیں کی۔ عوام کے دلوں میں ہماری محبت کم ہونے کا تاثر غلط ہے۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔ ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر کھڑے ہیں اور کسی صورت اپنے نظریے کو فراموش نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شیخ، جماعۃ الدعوۃ کراچی کے شیخ عبداللطیف اور ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم بھی موجود تھے۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ پندرہ ماہ سے میدان سیاست میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہماری رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، امید کرتا ہوں کہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔ ہم ملک بھر میں سیاسی کردار کے ذریعے اتحاد امت کی فضا قائم کریں گے۔ ملی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ملک بھر میں ورکز کنونشنز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ کراچی کے علاوہ بلوچستان میں بھی رکن سازی کی بھرپور مہم چلائیں گے۔ ہم اس غلط تاثر کو زائل کرنا چاہتے کہ ہم کسی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ ریاست اور قومی اداروں کے ساتھ کوئی محاذ آرائی نہیں کرنا چاہتے۔

مزید :

علاقائی -