بگڑے رئیس زادے کی مزدوری مانگنے پر فائرنگ،محنت کش زخمی
لاہور(خبرنگار) گرین ٹاؤن کے علاقہ میں بگڑے رئیس زادے نے مزدوری مانگنے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے مزدور کو شدید زخمی کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ جوہر ٹاؤن کے رہائشی شیخ تقی احمد کے گھر محنت کش مقصود احمدگزشتہ روز مزدوری کر رہا تھااور کام ختم ہونے پر محنت کش مقصود احمد نے مالک شیخ تقی احمد سے طے کی گئی 5 ہزار روپے مزدوری مانگی تو شیخ تقی احمد نے طیش میں آ کر پہلے تشدد کیا بعد میں پسٹل سے فائرنگ کر کے مقصود احمد کو شدید زخمی کر دیا اورموقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی ہونے والے مزدور مقصود احمد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمی ہونے والے محنت کش مقصود کے بھائی محمود احمد کے مطابق تھانہ میں درخواست دے دی گئی ہے اس کے باوجود پولیس نے نہ تو ملزم کو گرفتار کیا اور نہ ہی مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص مقصود احمد کی میڈیکل رپورٹ آنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا تاہم ملزم شیخ تقی احمد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔