قوم سب دیکھ رہی ہے ملک میں کیا ہورہا ، ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی ، جمہوریت کی بات کی نواز شریف

قوم سب دیکھ رہی ہے ملک میں کیا ہورہا ، ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی ، جمہوریت ...

  

جاتی امرا(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کی قانونی مشیروں سے 2گھنٹہ تک مشاورت ‘شہبا زشر یف کی آئندہ پیشی پر نیب ریمانڈ کی در خواست کی بھر پور مخالفت کر نے کا فیصلہ ‘انتقامی کاروائیوں کے خلاف آئینی وقانون جنگ کیساتھ پار لیمنٹ اور پنجاب اسمبلی میں جمہوری جد وجہد جاری رکھنے کی حکمت عملی طے کر لی گئی جبکہ (ن) لیگ کے قائد نوازشر یف نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ آئین وقانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بات کی ہے قومی امنگوں کی تر جمانی کرتے رہے ہیں قوم سب دیکھ رہی ہے کہ ملک میں کیا کیا ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے سینیٹر رانا مقبول ،اعظم نذیر تارڑایڈووکیٹ ، امجد پرویز ایڈووکیٹ اور(ن) لیگ لائرز ونگ کے نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے جاتی امراء رائے ونڈ میں طویل ملاقات کی جس میں شریف خاندان کے خلاف زیر سماعت مقدمات کا جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے قانونی مشیروں سے بالخصوص آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کے کیس کے حوالے سے مشاورت کی اور وکلاء کو ہدایت کی کہ تمام قانونی آپشنز بروئے کار لائے جائیں اور آئندہ سماعت پر جسمانی ریمانڈ کی سختی سے مخالفت کی جائے ۔نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں مختلف زیر سماعت کیسز پر تبادلہ خیال اورقانونی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سماعت پر نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سختی سے مخالفت کی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -