ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ، صوبے سے کرپشن اور اقرباء پروری کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے ، عثمان بزدار

ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ، صوبے سے کرپشن اور اقرباء پروری کو جڑسے اکھاڑ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنر ل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتوارکی تعطیل کے باوجود مختلف شہروں سے آئے لوگو ں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ روایتی بلوچی انداز میں لوگوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے اور لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود مصروف رہے اور انہوں نے نہ صرف لوگوں سے ملاقات کی بلکہ سرکاری امور کی انجام دہی بھی کرتے رہے۔وزیراعلیٰ نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن پرامن، خوشحال اورترقی یافتہ پاکستان کاضامن ہے۔ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں لیڈ لے گا۔ نئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہر شعبہ زندگی میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا حکومت کا مشن ہے۔ وزیراعظم کے 100روزہ ایجنڈے پرپنجاب میں تیزرفتاری سے پیش رفت جاری ہے۔حقیقی تبدیلی کیلئے تعلیم، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا ہر لمحہ عوامی مفاد ت کے تحفظ اور ان کے بہتر مستقبل کی فکر میں صرف ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے اورہماری حکومت قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کام کررہی ہے۔عوام کا معیار زندگی کو بلندکر کے تبدیلی کا وعدہ پورا کریں گے اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر نے ملاقات کی،جس میں صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس ، شفافیت ، کفایت شعاری اور سادگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،میرٹ کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہریو ں کو ریلیف دینے کیلئے ان کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے۔ سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پرعزم ہے اور جنوبی پنجاب کو صوبے بنانے کا خواب تحریک انصاف کے دور میں پورا ہو گا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بہترکرنے کے کیلئے ہسپتالوں اورتعلیمی اداروں کی حالت بدلیں گے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -