ٹریفک قوانین کا نفاذ اچھی بات مگر گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں:حافظ نعیم الرحمٰن

ٹریفک قوانین کا نفاذ اچھی بات مگر گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں:حافظ نعیم ...

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کا نفاذ بہت اہم اور قابل تحسین ہے اور قوم کے مہذب ہونے کی علامت ہے لیکن لاقانونیت کے رجحان کو پیدا کرنے اور بڑھانے میں خود پولیس کے محکمہ کا سب سے بڑا ہاتھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے سے سڑکوں پر یہ بات عام طور سے دیکھی جاسکتی ہے کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے چھپ کر آڑ میں کھڑے ہوتے ہیں اور خلا ف ورزی کرنے والوں کو روک کر کھلے عام پیسے لے کر چھوڑ دیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان پولیس اہلکاروں کو جنہوں نے لاقانونیت کا بازار گرم کر رکھا تھا اب بھاری جرمانوں اور عوام کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا اختیار دے دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ AIGکراچی کے اقدامات قابل تعریف ہیں لیکن نفاذ کی حکمت عملی مصیبت کے بارے عوام کے لیے مرے پر سودروں کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ طویل عرصے سے دیکھا جارہا ہے کہ اچانک کسی بھی مہم کا آغاز کردیا جاتا ہے اور چند روز بعد پھر اس مہم کا نام و نشان ہی باقی نہیں رہتا ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ طویل المدتی اور دیرپا حکمت عملی بنائی جائے پولیس کی جانب سے سختی کے نام پر لوٹ مار کی مکمل بندش ہونی چاہیے ۔عوام کو اپنے اقدامات سے بھرپور آگاہی اور پہلے مرحلے میں لاقانونیت کی روک تھام کی جائے ۔پہلے ہی مرحلے میں گرفتاریوں جیسے انتہائی اقدام کی کسی طور بھی حمایت نہیں کی جاسکتی ۔اپنی نوکریوں ، کالجوں ،اسکول یا کسی انتہائی ضروری کام پر جانے والے کو گرفتار کر کے جیل بھیجنا غیر ضروری اور سخت اقدام ہے اس کے لیے پورا نظام وضع کیاجائے اور مسلسل خلاف ورزی اور سنگین لاقانونیت کے مرتکب افراد کے خلاف ہی انتہائی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -