امریکہ داعش کو شام اور عراق سے افغانستان منتقل کر رہا ہے : روس

امریکہ داعش کو شام اور عراق سے افغانستان منتقل کر رہا ہے : روس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ماسکو(آئی این پی ) روس نے امریکا پر داعش کو شام سے عراق اور افغانستان منتقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام کے روس کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لافروف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکا پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ امریکا شام میں موجود داعش کے جنگجوں کو افغانستان اور عراق منتقل کررہا ہے۔ ہمارے لیے یہ بات باعث تشویش ہے کہ امریکا داعشی جنگجوں کو شام سے عراق اور افغانستان بھیج رہا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمارے پاس اس دعوے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں ایسی دستاویزات ملی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ افغانستان میں داعش کو مضبوط کرنے کا ایک نیا پروگرام تیار کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام میں امریکا بھی پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے قرائن اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ واشنگٹن داعش کے جنگجوں کو شام سے عراق اور افغانستان اسمگل کررہا ہے۔ انہوں نے امریکا اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ داعش کو عراق اور افغانستان میں منظم کرنے سے متعلق شبہات کا ازالہ کریں یا اس کی وضاحت کریں۔سیرگئی لافروف کا کہنا تھا کہ افغانستان دہشت گردوں کے پنپنے کی بہترین جگہ ثابت ہوسکتا ہے۔ جغرافیائی تقسیم کے ساتھ ساتھ یہاں پر فرقہ وارانہ تقسیم کافی گہری ہے جو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو آسانی کے ساتھ اپنے اندر جذب کرلے گی۔

مزید :

عالمی منظر -