’’ مجھے لڑکیاں بہت تنگ کرتی ہیں کیونکہ ۔۔۔‘‘شرمیلے مردوں کے مسئلہ کا روحانی علاج آپ بھی جانئے
لاہور(شاہدنذیر چودھری )آپ میری بات سن کر یقینی طور پر حیران ہوں گے کہ میں کیسا سوال کررہا ہوں ۔دراصل میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے عورتیں اچھی نہیں لگتیں ۔میں انکی عزت کرتا ہوں ،ان کے ساتھ جاب بھی کرتا ہوں لیکن میں ان کے ساتھ گپ شپ نہیں لگاتا نہ کسی لڑکی سے کوئی بات کرتا ہوں ۔وہ سمجھتی ہیں کہ میں مغرور ہوں ،ایسی کوئی بات نہیں ۔میری تربیت ہی ایسی ہوئی ہے کہ میں عورتوں اور مردوں کے درمیان تعلقات میں فاصلہ کا قائل ہوں اور ان سے دوستیاں نہیں کرتا کیونکہ اسلام یہی سبق دیتا ہے ۔میں پنجگانہ نماز پڑھتا ہوں ۔کئی بار کولیگز میری اس نرمی اور کمزوری کا فائدہ اٹھا کر مجھ پر الزام بھی لگادیتی ہیں ۔میں چونکہ فطری طور پر شریف ہوں اس لئے انہیں آگے سے سخت جواب نہیں دے پاتا اور حیا میں رہتا ہوں لیکن بعض لڑکیاں مردوں سے بڑھ کر ایکسپلائٹ کرتی ہیں ۔ ہمارا معاشرہ اس بات کو قبول نہیں کرتا کہ لڑکیاں ایسا کرسکتی ہیں ۔میری ایک کولیگ نے مجھ سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو میں نے اسے صاف انکار کردیا جس کااسے بڑا دکھ ہوا ۔ایک دن اس نے مجھ سے انتقام لیا اور بے ہودہ الزام لگایا لیکن اسکا جھوٹ پکڑا گیا کیونکہ اس نے جو میسجز مجھے کئے تھے اس سے ثابت ہوگیا کہ وہ اب ایسا کیوں کررہی ہے ۔دیکھا جائے تو میرے جیسے مرد ہراسمنٹ کا شکار کئے جاتے ہیں مگر ہمارا سماجی سیٹ اپ ایسا ہے کہ یہاں کوئی سمجھ ہی نہیں پاتا اور کہا جاتا ہے کہ خیر ہے تم تو مرد ہو ،کیا ہوا۔کیا مردوں کی عزت نہیں ہوتی۔اس تفریق کی وجہ سے میں عورتوں سے گریز کرتا ہوں ۔لیکن میں کہاں تک ایسا کرسکتا ہوں ۔میری شادی ہونے والی ہے۔گھر والوں نے کہیں کہہ دیا کہ میں مزاج کا سخت ہوں۔جس کا میری منگیتر نے اظہار بھی کیا ہے اور وہ پریشان ہوگئی ہے ۔جبکہ میں ایسی کسی سختی کا قائل نہیں ہوں ۔میرا استخارہ کرکے کوئی تسبیح بتائیں کہ میں اپنی زندگی کی الجھنوں سے نکل سکوں(روف قادر،فیصل آباد)
جواب۔آپ کے تجربات کو ہم جھٹلا نہیں سکتے ۔ایسا بالکل ہورہا ہے تاہم پروفیشنل لائف میں آپ کو اپنے اندر لچک اور اعتماد پیدا کرنے کی ضرورت ہے جیسا کہ استخارہ میں بھی نظر آتا ہے کہ آپ دو دنیاوں میں چل رہے ہیں ۔اسلام میں غیر عورت اور مرد میں دوستی کا کوئی رشتہ نہیں ہوتا مگر ہمارے معاشرے میں یہ کلچر پیدا ہوچکا ہے ۔ آپ روزانہ یہ تسبیح پڑھا کریں تاکہ آپ کی ادھوری شخصیت مکمل ہو،اعتماد اور بھروسہ بڑے ۔بدطینت لوگوں کے شیطانی بہکاوے سے محفوظ رہیں ۔’’ یالطیف یا مجید ‘‘ روزانہ تین سو تیرہ باردل میں پڑھاکریں۔اول آخر درود پاک تین تین بار ۔باوضو رہا کریں ۔ (استخارہ کے ذریعے ہر طرح کے معاملات کے حل میں رہ نمائی حاصل کرنے کے لئے اپنا نام ،والدہ کا نام ،شہر،کاروبار ،عمر مفصل سوال لکھ کر ای میل کریں ،جواب باری آنے پر دیا جائے گا systemtoday14@yahoo.com )