سلمان صوفی نے بھارت میں مدر ٹریسا ایوارڈ حاصل کر لیا

سلمان صوفی نے بھارت میں مدر ٹریسا ایوارڈ حاصل کر لیا
سلمان صوفی نے بھارت میں مدر ٹریسا ایوارڈ حاصل کر لیا

  

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹر نیشنل پبلک پالیسی اینڈ جینڈر ریفارمز سپیشلسٹ سلمان صوفی کو ممبئی میں ایک پروقار تقریب کے دوران مدر ٹریسا ایوارڈ سے نواز ا گیا ۔یہ ایوارڈ انہیں ہار منی فاونڈیشن اور مشنز آف چیریٹی کی جانب سے اس لیے دیا گیا کیونکہ گزشتہ چار سال سےوہ پاکستان میں خواتین کو با اختیار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔سلمان صوفی کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے خدمات سر انجام دینے پر جب یہ ایوارڈ ملا تو انہوں نے یہ ایوارڈ تشدد کا شکار خواتین کے نام کردیا ۔سلمان صوفی کے ساتھ ساتھ نوبیل انعام یافتہ شیریں عبادی ،نو بیل انعام یافتہ توکل کامران ،نو بیل انعام یافتہ نادیہ مراد،افغان خاتون اوّل رولا غنی اور دیگر عالمی شخصیات کو  بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب میں مہیش بھٹ ،ابراہیم متھائی اور رضوان مرچنٹ سمیت کئی بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلمان صوفی نے مدر ٹریسا اور تشدد کا شکار خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جیسے معاشرے میں عورت کا مقام بہت کم ہے ،دونوں ملکوں کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کرناہو گا۔سلمان صوفی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے لائے جانے والے ریفارمز اور ان کی جانب سے دی جانے والی سپورٹ کو بھی تسلیم کیا ۔انہوں نے اعلان کیا کہ و ہ جنوبی ایشیا کی خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے پروجیکٹ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ سلمان صوفی پنجاب سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور وہ ویمن آن وہیلز پروجیکٹ کے سربراہ بھی ہیں۔

مزید :

قومی -