اپوزیشن کے ملکرقرارداد لانے سے بھی حکومت ختم نہیں ہوگی :مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ اگر اب مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ملکر تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف قرارداد لاتی ہیں تو اس سے حکومت ختم نہیں ہوگی کیونکہ حکومت اپنی اکثریت پر قائم ہے ، البتہ حکومت کی راہ میں مشکلات ضرورکھڑی ہوسکتی ہیں، آصف زرداری کی پریس کانفرنس سے لگ رہاہے کہ اپوزیشن اب متحدہوگی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن کی کشمیریوں کے بارے میں گفتگو غیر محتاط رویہ ہے، اب وزیر اعظم عمران خان کوچاہئے کہ ان کی جانب سے اپنے ساتھیوں کوجو چھوٹ دی گئی تھی ، ان کو اس سے روکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کو ایسے لہجے سے کبھی فائدہ نہیں ہوا ، اب موجودہ حکومت اگر ایسا لہجہ اختیار کرے گی تو اپنے راستے میں خود ہی گڑھے کھودے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی پریس کانفرنس سے لگ رہاہے کہ اب اپوزیشن متحدہوگی ، جب حکومت کی جانب سے دباﺅ پڑتا ہے تو پھر حکومت متحد ہوتی ہے اور اب اپوزیشن متحدہ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ملکر تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف قرارداد لاتی ہیں تو اس سے حکومت ختم نہیں ہوگی البتہ حکومت کی راہ میں مشکلات ضرور کھڑی ہوسکتی ہیں۔