کرپٹ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ تحریک انصاف والے بچ جائیں گے:وفاقی وزیر قانون نے نیب کو مزید طاقتور بنانے کا عندیہ دیدیا

کرپٹ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ تحریک ...
کرپٹ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ تحریک انصاف والے بچ جائیں گے:وفاقی وزیر قانون نے نیب کو مزید طاقتور بنانے کا عندیہ دیدیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیاہے ، کرپشن کو روکناہے تو نیب کومزید طاقتور بنانا ہوگا تاکہ کوئی گنہگار بچے نہیں اور کس بے گناہ کو نہ پکڑا جائے ، کرپٹ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ تحریک انصاف والے بچ جائیں گے، کرپشن میں ملوث تمام افراد کیخلاف کارروائی ہوگی ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہاہے کہ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو ٹارگٹ نہیں کیا جارہا، تحریک انصاف کا مینڈیٹ ہی کرپشن کے خلاف کارروائی کرنے پر ہے ۔ وزیر اعظم نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیاہے ،عمران خان نے اپنے لوگوں کے بارے میں کہاہے کہ اگر کوئی شخص کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں بہت سے لوگ ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائیگی اور حکومت میں جن پر کرپشن کا الزام ہوگا ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جن کے خلاف کارروائی ہورہی ہے وہ دوبڑی سیاسی پارٹیوں کے فرنٹ لیڈر ہیں لیکن یہ کوئی ٹارگٹ کارروائی نہیں ہے ۔ سندھ میں کارروائی جے آئی ٹی کی طرف سے ہو رہی ہے اور جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے ، اس وقت جو تاثر دیا جارہاہے کہ عمران خان اپوزیشن کے پیچھے پڑ گئے ہیں ، یہ درست نہیں ہے ۔انہوں نے کہا نیب ایک آزاد ادارہ ہے ، شہبازشریف کے بارے میں ہمیں علم نہیں تھا کہ ان کوگرفتار کیا جارہاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب جس طرح اپنا کام کررہی تو اس میں نیب کا اپنا طریقہ کارہے ، سندھ میں نیب نہیں ہے بلکہ ایک جے آئی ٹی بنی ہے اور سپریم کورٹ اس کی رہنمائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں اصلاحات کرنا ضروری ہیں لیکن اگر کرپشن کو روکناہے تو نیب کومزید طاقتور بنانا ہوگا تاکہ کوئی گنہگار بچے نہیں اور کس بے گناہ کو نہ پکڑا جائے ، کرپٹ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ تحریک انصاف والے بچ جائیں گے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -