حکومت دھرنے کے ذریعے ہی جائے گی،وزیر اعظم عمران خان بڑی بے دردی سے مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں:ملک محمد احمد خان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت دھرنے کے ذریعے ہی جائے گی،مذہب کارڈ تو وزیر اعظم عمران خان خود بڑی بے دردی سے استعمال کر رہے ہیں اور مذہب کی آڑ میں اپنی غلطیوں کو چھپا رہے ہیں،اگر وہ مدینہ کی ریاست بنانا چاہتے ہیں تو ایک سال میں اس کے لیے عملی طور پر کیا کیا گیا؟.
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےملک محمداحمدخان نےکہا کہ عمران خان نے خودحکومت گرانے کے لیے دھرنے کا راستہ دکھایا ہے،عمران خان نے نہ صرف دھرنے دیے بلکہ ان کی حکومت میں تو احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا تھا۔ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت دھرنے کے ذریعے ہی جائے گی، وہ مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کر کے بھی دیکھ لیں،یہ تو عالم دین کے خلاف ڈیزل، ڈیزل کی آوازیں نکالتے ہیں جو انتہائی غیر اخلاقی رویہ ہے، ہم سمجھتے ہیں یہ ناجائز اور مکمل طور پر سیلیکٹڈ حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اسلام آباد آئیں گے اور مارچ کے شرکا سے بھی خطاب کریں گے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان اپنے دور حکومت کے پہلے سال کوئی اچھا کام تو کر کے دکھاتے، یہ کہتے ہیں ہم کرپشن کے خلاف کام کر رہے ہیں تو ہم نے انہیں خوش آمدید کہا لیکن یہ ابھی تک کرپشن ثابت ہی نہیں کر پا رہے،موجودہ حکومت نے پورے ملک کو ساقط کر کے رکھ دیا ہے۔