ڈاکٹر عدنان کوایک ہفتے تک نواز شریف تک رسائی نہیں دی گئی ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آ ن لائن) مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو ایک ہفتے تک ان تک رسائی نہیں دی گئی ، نیب نے ڈاکٹر عدنان کی رپورٹس کو نہیں ماناتھا ، عوام اور میڈیا کی جانب سے آواز بلند کرنے پر نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیاگیا ۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک ہفتے تک نواز شریف کے ذاتی معالج کو ان تک رسائی نہیں دی گئی ۔ آج وہ احتجاج کرکے نواز شریف سے ملے اور نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی صورت حال سے نیب کو آگاہ کیا لیکن نیب نے ڈاکٹر عدنان کی رپورٹس کونہیں مانا جس پر میڈیا اور عوام کی احتجاج پر نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کوکچھ ہوا تواس کے ذمہ دار عمران خان ہونگے ۔ نواز شریف کی کوئی میڈیکل رپورٹس نوازشریف فیملی کونہیں دی جارہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ عوام اورمیڈیا کا شکریہ ادا کرتی ہیں جن کی آواز بلند کرنے پر نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ان کاکہنا تھا کہ یہ حکومت سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز تک بھی فیملی ڈاکٹر کو رسائی نہیں دی جارہی ہے اور ان کوجان بوجھ کر گندی جگہوں پر رکھا جارہا ہے ۔